وزیر اعظم شہباز شریف

وزیراعظم کا آذر بائیجان کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، امداد پر اظہار تشکر

اسلام آباد(نمائندہ عکس) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آذربائیجان کے صدر الہام حیدر علیوف سے ٹیلی فون پر بات کی اور آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ٹیلی فونک رابطے کے دوران آذر بائیجان کی جانب سے 2 ملین ڈالر کی امداد کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مون سون کے دوران معمول سے کہیں زیادہ بارشوں کے باعث شدید ترین سیلاب کی زد میں ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے جانی نقصان کے ساتھ ساتھ لوگوں کے ذریعہ معاش اور انفراسٹرکچر کو بہت نقصان پہنچا ہے، اس کے نتیجے میں متاثرہ لوگوں کو امداد کی فراہمی اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کارروائیاں بہت ہی محدود رہی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی سمیت مختلف شعبوں میں آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کے تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ شہباز شریف نے کہا پاکستان اور آذربائیجان اقوام متحدہ، او آئی سی اور ای سی او جیسے بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں، آذربائیجان او آئی سی کے رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر کا ایک اہم رکن ہے، دونوں ممالک کے عوام دینی و ثقافتی وابستگی اور گہرے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں