بلاول بھٹو

وزیراعظم، وزیراعلی سندھ، میئر کراچی جیالا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

کراچی(عکس آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کے ووٹ سے پہلی بار کراچی کا میئر ، سندھ کا وزیراعلی اور ملک کا وزیراعظم تینوں عہدوں پر جیالا ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم کراچی کے ہر علاقے میں کھیلوں کے میدان بھی فراہم کریں گے تاکہ نوجوان کھیلوں اور تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیں تاکہ وہ کسی غلط راستے پر نہ چلیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنے جیسا کام صرف اور صرف پیپلز پارٹی ہی کر سکتی ہے۔عام انتخابات کے حوالے سے ٹکٹوں کی تقسیم پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ابھی ابتدائی فہرست تیار کی جا رہی ہے جو کہ پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے پاس بھیجی جائے گی اور وہی حتمی فیصلہ کرے گا لیکن جب تک حلقہ بندیوں کا عمل مکمل نہیں ہوگا ہم کسی نشست پر امیدوار کا اعلان نہیں کریں گے۔ایک سوال پر سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کسی بھی الیکشن پر لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، 1988 میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی لیکن جب پاکستان کے عوام نے فیصلہ کرلیا تو ہم نے حکومت بنائی۔

انہوں نے کہا کہ 2008 میں بھی پیپلز پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی تھی، کارساز پر حملے میں کارکنان کو شہید کیا گیا، پھر راولپنڈی میں حملہ کرکے نہ صرف محترمہ بے نظیر بھٹو بلکہ پارٹی کارکنان کو بھی شہید کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں