پرانا جوڑا

نیمل خاور نے حمزہ کے ساتھ شادی میں پرانا جوڑا پہن کر اور میک اپ خود کرکے سادگی کی اعلی مثال قائم کردی

کراچی (عکس آن لائن) اداکارہ اورحمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور نے اپنی شادی پر روایتی دلہنوں کے برعکس پرانا جوڑا پہن کر اور شادی کا میک اپ خود کرکے سادگی کی اعلی مثال قائم کی ہے۔

اداکارہ نیمل خاور نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی شادی پر نیا جوڑا خریدنے کے بجائے تھوڑی سی تراش خراش کے بعد اپنی والدہ کے نکاح کا جوڑا زیب تن کیا تھا۔ نیمل نے بتایا کہ جب آپ اپنی شادی پر اپنی والدہ کے نکاح کاجوڑا پہنتے ہیں تو آپ کے ساتھ جذبات جڑجاتے ہیں۔ نیمل نے کہا کہ اپنی شادی پر اپنی والدہ کے نکاح کا جوڑا پہننا ان کا بہترین فیصلہ تھا۔ نیمل نے مزید لکھا کہ انہوں نے اپنی شادی پر روایتی دلہنوں کے برعکس پارلر میں جاکر مہنگا میک اپ کروانے کے بجائے اپنا میک اپ بھی خود ہی کیاتھا اور بال بھی خود ہی بنالیے تھے کیونکہ وہ اپنی شادی کے دن بھاری میک اپ کے بجائے سادہ نظر آنا چاہتی تھیں۔

نیمل کے مطابق ایک لڑکی کی شادی کا دن اس کی زندگی کا سب سے خوشی کا دن ہوتا ہے ضروری نہیں ہے کہ آپ بھاری زیورات پہنیں۔ بلکہ آپ کا سکون اور خوشی اہم چیز ہے۔ اور سب سے ضروری چیز یہ ہے کہ آپ اپنی شادی کے دن کا بھرپور لطف لےسکیں۔ نیمل خاور کی اس پوسٹ کو سوشل میڈیا پر بے حد سراہا جارہا ہے اور لوگ ان کی سادگی اور ان کی سوچ کی تعریف کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں