چینی صدر

چین، یورپ کے ساتھ تجارتی تعاون کو گہرا کرنے کے لئے تیار ہے، چینی صدر

پیرس (عکس آن لائن) چین کے صدر شی جن پھنگ نے جنوب مغربی فرانس کے صوبے ہوٹس پیرینیس کا دورہ کیا۔ فرانسسی صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ برگیٹ نے ترملائی پاس پر “شیفرڈ اسٹیشن” پر شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ پھنگ لی یوان کا استقبال کیا۔ دونوں سربراہان مملکت اور ان کی بیگمات نے پرسکون اور خوشگوار ماحول میں متعدد اہم معاملات پر اسٹریٹجک بات چیت کی۔بد ھ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ چینی عوام اپنے خاندان اور ملک کا مضبوطی سے پاس رکھتے ہیں ، بلخصوص قومی وحدت کو نہایت اہمیت دیتے ہیں۔

یقین ہے کہ چینی عوام کی مسلسل جدوجہد کے ذریعے چین یقیناً چینی قوم کی عظیم نشاۃالثانیہ کی تکمیل میں کامیاب ہو گا۔ اگرچہ چین اور فرانس بالترتیب مشرقی اور مغربی تہذیبوں سے تعلق رکھتے ہیں ، لیکن یہ دونوں تہذیبوں کے مابین تبادلے اور باہمی سیکھنے کو اہمیت دیتے ہیں۔ چین ، فرانس بلکہ یورپ کے ساتھ افرادی و ثقافتی تبادلوں کو مضبوط بنانے، اقتصادی اور تجارتی تعاون کو گہرا کرنے اور باہمی تفہیم کو بڑھانے کے لئے تیار ہے۔

ایمانوئل میکرون نے کہا کہ موجودہ بین الاقوامی صورتحال غیر یقینی عوامل سے بھری ہوئی ہے اور یورپ کے لیے اسٹریٹجک خودمختاری اور اتحاد کو برقرار رکھنا نہایت اہم ہے اور یورپ کے لیے یہ بھی نہایت اہم ہے کہ وہ چین کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرے اور دوطرفہ اور کثیر الجہتی تعاون کو مضبوط بنائے۔ میکرون نے یورپ اور دنیا کے امن و استحکام کے تحفظ میں فعال کردار ادا کرنے کے لئے چینی صدر شی جن پھنگ کے ساتھ قریبی رابطے برقرار رکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
چینی صدر شی جن پھنگ نے صدر میکرون اور ان کی اہلیہ کی گرمجوشی اور مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور صدر میکرون کو دوبارہ دورہ چین کی دعوت بھی دی۔