موبائل فونز کی درآمدات

موبائل فونز کی درآمدات میں دس ماہ کے دوران 62.59 فیصد اضافہ ہوا، ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد(عکس آن لائن) رواں مالی سال کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 62.59 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں جولائی تا اپریل 2019-20ء کے دوران برآمدات کا حجم 1027.578 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا اپریل 2018-19ء میں موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 632.002 ملین ڈالر رہا تھا۔

اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 395.576 ملین ڈالر یعنی 62.59 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق اپریل 2020ء میں درآمدات 36.35 فیصد کم ہو گئیں اور اس دوران 47.619 ملین ڈالر مالیت کے موبائل فونز درآمدات کئے گئے جبکہ اپریل 2019ء کے دوران درآمدات کا حجم 74.814 ملین ڈالر رہا تھا۔ اسی طرح مارچ 2020ء کے مقابلہ میں اپریل 2020ء کے دوران بھی درآمدات میں 58.51 فیصد کی کمی سے درآمدات کا حجم 114.783 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 47.619 ملین ڈالر تک کم ہو گیا۔

واضح رہے کہ جاری مالی سال کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ 25.24 فیصد تک کم ہو گیا ہے۔ جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران قومی برآمدات 3.92 فیصد اضافہ جبکہ درآمدات 16.24 فیصد کم ہوئی ہیں جس کے نتیجہ میں تجارتی خسارہ میں 25 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں