بارش

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش و برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا

اسلام آباد(نمائندہ عکس ) لاہور، اسلام آباد ، بالائی خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ سوات ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں برفباری کا آغاز ہو گیا ہے جب کہ سرد موسم ہونے سے شہریوں نے گرم کپڑے اور سوئیٹر نکال لیے۔بارش اور ٹھنڈی ہوا، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برستے ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، اسلام آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، سرگودھا، فیصل آباد ، شورکوٹ ،سرائے عالمگیر، گجرات سمیت کئی شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی۔

دوسری طرف گلیات میں برفباری کا آغاز ہو گیا ہے، چلاس، گلگت بلتستان، کشمیر سمیت سوات کے سیاحتی مقامات پر موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی جس سے موسم انتہائی سرد ہو گیا۔ پشاور سمیت پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بادل چھائے رہے ، دوپہر کی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی، پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، سوات، خیبر اور دیگر علاقوں میں بارش سے درجہ حرارت گر گیا، چترال بھر میں گزشتہ رات سے مسلسل بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ، لواری ٹنل ، کالاش کی وادیوں، مڈکلشٹ ،گرم چشمہ ، اپر چترال کے کھوت ،بروغل، یارخون ،تریچ سمیت کئی مقامات میں برفباری ہوئی اور تمام پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں