میاں فرخ حبیب

ملک بھر میں احساس پروگرام کے 17 ہزار سنٹرزقائم کر دیئے گئے ہیں ، فرخ حبیب

فیصل آباد (عکس آن لائن ) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملک بھر میں احساس پروگرام کے 17 ہزار سنٹرزقائم کر دیئے گئے ہیں جہاں پہلے سے رجسٹرڈ مستحق خواتین کو 12ہزارروپے کی مالی امدادکی فراہمی کا آغاز ہوگیا ہے۔انہوں نے یہ بات گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج سمن آباد میں مستحق خواتین میں مالی امداد کی تقسیم کے عمل کاجائزہ لینے کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وفاقی پارلیمانی نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں 67ہزارسے زائد خواتین کو مالی امداد کی فراہمی کے لئے 19سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں ضلعی انتظامیہ اور دیگر معاون اداروں کے اشتراک سے تمام تر ضروری انتظامات مکمل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ملک بھر کے ایک کروڑ 20لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کو یہ امداد شفاف انداز میں تیزرفتاری سے پہنچائی جارہی ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب امدادی پیکج پر بھی جلد عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔انہوں نے میڈیا کے توسط سے شہریوں کو اپیل کی کہ وہ کورونا سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کا دامن نہ چھوڑیں بلکہ محکمہ صحت کی طرف سے وضع کردہ احتیاطی تدابیر پر ذمہ داری سے عملدرآمد کریں کیونکہ کورونا وائرس دنیا کے تقریبا تمام ممالک کو متاثر کرچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل وکرم سے محدود وسائل کے باوجود حکومت کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے تندہی سے سرگرم عمل ہے تاہم شہریوں کے تعاون کے بغیر اس وائرس کو شکست نہیں دی جاسکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں