جی سمٹ اجلاس

ملکہ برطانیہ جی سمٹ اجلاس میں امریکی صدربائیڈن سے ملاقات کریں گی

لندن (عکس آن لائن)ملکہ الزبتھ دوم اگلے ہفتے برطانیہ میں شروع ہونے والے جی 7 سمٹ کے اختتام پر ونڈسر کاسٹل میں امریکی صدر جو بائیڈن اور خاتونِ اول جل بائیڈن سے ملاقات کریں گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق بین الاقوامی ذرائع نے بتایاکہ ملکہ برطانیہ ونڈسرکاسٹل میں امریکی صدر جو بائیڈن اور خاتونِ اول جل بائیڈن کی میزبانی کریں گی۔صدر بائیڈن کارنوال میں جی 7 سمٹ کے لیے برطانیہ جائیں گے جو کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا بیرونِ ملک سفر ہوگا۔جو بائیڈن امریکا کے 13ویں صدر ہوں گے جوکہ ملکہ برطانیہ کی 95 سالہ بادشاہت کے ریکارڈ توڑ دور میں ان سے ملاقات کریں گے جبکہ شوہر شہزادہ فلپ کے انتقال کے بعد ملکہ الزبتھ کی یہ پہلی بڑی مصروفیت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق حالیہ چند برسوں سے ملکہ برطانیہ نے عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں کم کرکے اپنے بین الاقوامی سفر کو محدود کردیا ہے لیکن امریکی صدر جو بائیڈن اور خاتونِ اول جل بائیڈن پچھلے چند ماہ سے ملکہ سے رابطے میں ہیں۔واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ہیری ٹرومن پہلے صدر تھے جن سے 1951 میں ملکہ الزبتھ دوم نے ملاقات کی تھی حالانکہ وہ اس وقت ایک شہزادی تھیں اور اگلے ہی سال 1952 میں انہوں نے شاہی تخت سنبھالا تھا۔1952 میں تخت سنبھالنے کے بعد سے ملکہ برطانیہ نے امریکا میں اقتدار سنبھالنے والے ہر صدر کی میزبانی کی ہے سوائے صدر لنڈن بی جانسن کے جو اپنیدورِ صدارت میں برطانیہ نہیں گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں