معمار پنجاب پر فرد جرم عائد کی گئی ،یہ حکومت کا بنایا ہوا سیاسی کیس ہے ‘ مسلم لیگ (ن)

لاہور( عکس آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ معمار پنجاب پر فرد جرم عائد کی گئی ، شہباز شریف نے ترقیاتی منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے بچائے ،شہباز شریف کے اقدامات سے ان کے خاندان کے کاروبار کو مالی نقصان پہنچا ،یہ حکومت کا بنایا ہوا سیاسی کیس ہے ،ہم انتقام نہیں لیں گے بلکہ احتساب کر کے دکھائیں گے،مشرف دور اس حکومت سے زیادہ اچھا تھا ،ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمیں دشمن بھی کم ظرف ملا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطا اللہ تارڑ اور پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس لاہور جلسے کو خراب کرنے کے لئے گرفتاریوں کی کوشش کر رہی ہے ،ہم سب تیار ہیں، ہمیں جیلوں سے ڈر نہیں لگتا، ان ہتھکنڈوں سے لاہور جلسہ ناکام نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی واقعہ پر انکوائری رپورٹ آنے کے بعد سوال اٹھتا ہے کہ کیا آئی جی کو اٹھانا صحیح تھا؟ ،سیاسی مخالفین کو تکلیف پہنچانے کے لئے یہ حکومت کبھی نیب تو کبھی دیگر اداروں کو استعمال کرتی ہے ،ہمیں بتایا جائے کہ مزار قائد پر مادر ملت زندہ باد کا نعرہ لگانے سے کس کو تکلیف ہوتی ہے؟، اداروں کا اس نااہل حکومت کی جانب سے اپنا کندھا فراہم کرنا صحیح نہیں ،کراچی واقعے کا مقدمہ خارج کیا جا چکا ہے کیا جھوٹی اور غلط ایف آئی آر درج کروانے والوں کیخلاف مقدمہ درج نہیں ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا ء اور حکومتی اراکین اسمبلی دھمکیاں دیتے رہے کہ یہ مقدمہ درج کیا جائے ،ہمارے خلاف کی گئی حرکتیں الٹا ان کیخلاف پڑ جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کی سب سے مزاحیہ شخصیت ہیں ،عمران خان نے آئی جی سندھ کے اغوا ء کو مزاحیہ قرار دیا تھا، اس شخص کی اب مزید کوئی گنجائش نہیں ہے کیونکہ انہوں نے اداروں کو اداروں کے سامنے کھڑا کیا جو انتہائی غلط ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا صبح و شام میڈیا ٹرائل کیا جاتا ہے۔ انہوںنے رپورٹ آنے کے بعد کے اقدام کے حوالے سے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کو علم ہو گا کہ انہوں نے کیا کرنا ہے اور کیا نہیں ،ہم سندھ حکومت کی انکوائری رپورٹ کا انتظار کریں گے ۔ا نہوں نے کہا کہ مریم نواز کی ضمانت قبل از گرفتاری کروانے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا ۔مشرف دور اس حکومت سے زیادہ اچھا تھا ،ان حکمرانوں کا آخری ٹھکانہ پاگل خانہ ہے ،ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمیں دشمن بھی کم ظرف ملا ہے۔ انہوں نے کاہ کہ اس ملک میں نیا این آر او دیا گیا ہے ،ان کا گزارہ نہیں ہو رہا تھا کیونکہ ان کی اے ٹی ایم خراب ہو گئی تھی ،جیسے اے ٹی ایم کو باہر بھیجا گیا، ویسے ہی انہیں واپس لایا گیا ،جہانگیر ترین نے چینی کی مد میں قوم کو 100 ارب کا ٹیکہ لگایا لیکن ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی کیونکہ وہ حکومت کے لئے اراکین اسمبلی کو خریدتے رہے اسی لئے عمران خان نے قلت کے باوجود چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی ۔

کیا نیب اندھی، گونگی اور بہری ہو چکی ہے جسے جہانگیر ترین، رزاق دائود، ندیم بابر، آٹا، چینی و ادویات چور نظر نہیں آتے؟۔ا نہوں نے کاہ کہ عمران خان صحیح کہتے ہیں کہ ملک میں مہنگائی تب ہوتی ہے جب حکمران چور ہوتے ہیں گزشتہ دور میں حکومت چور نہیں تھی اسی لئے ملک میں مہنگائی نہیں تھی آنے والے دنوں میں آپ کا گریبان اور عوام کا ہاتھ ہو گا ،آپ کے گھر جانے کا وقت آ چکا ہے لیکن آپ کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا ۔چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ جہانگیر ترین کیخلاف ازخود نوٹس لے کر چینی کی قیمتیں نیچے لائی جائیں ،جہانگیر ترین عمران نیازی کے گھر کا خرچہ چلاتا ہے ۔ رہنمائوں نے کہا کہ آپ ہمارے خلاف مزید کیا کر لیں گے، کیا ہمیں پھانسی لگا دیں گے ، پولیس صرف اپوزیشن کو نشانہ بنا رہی ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ جہانگیر ترین کو گرفتار کیا جائے اور پوچھا جائے کہ چینی کا بحران کیسے آیا، انہیں 56 کروڑ سبسڈی کیوں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام گھبرا چکے اب آپ کے گھبرانے کا وقت آ چکا ہے ہم انتقام نہیں لیں گے بلکہ احتساب کر کے دکھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں