ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت قیمتوں کے جائزے کی قومی کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد (عکس آن لائن)قیمتوں کے جائزے کی قومی کمیٹی کا اجلاس مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس میں کھانے پینے کی بنیادی اشیاء کی قیمتوں اور رسد کا جائزہ لیا گیا۔کمیٹی نے کنزیومر پرائس انڈیکس کے رجحان پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

کمیٹی کو بتا یا گیا کہ مہنگائی کے ذمہ دار دالوں، سبزیوں اور گندم کی قیمتوں میں ماہانہ بنیادوں پر کمی آرہی ہے، فروری میں جنوری کے مقابلے میں سی پی آئی میں ایک فیصد کمی آئی ہے۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ فروری میں مسلسل تیسرے ہفتے حساس قیمتوں کے اشاریے میں کمی آئی ہے،ستائیس فروری کو ختم ہونیوالے ہفتے میں اکاون اشیاء کی ہفتہ وار قیمتوں پر مبنی حساس قیمتوں کے اشاریے میں بھی ایک اعشاریہ ایک چھ فیصد کمی آئی ہے، اکاون میں سے تیرہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ پچیس مستحکم رہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں قیمتوں اور سپلائی کی مسلسل نگرانی کررہی ہیں، بین الاقوامی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے جس سے آنے والے دنوں میں مقامی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔

اجلاس میں نول کرونا وائرس کے کھانے پینے کی بنیادی اشیاء کی طلب و رسد پرممکنہ اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مشیر خزانہ نے متعلقہ حکام اور صوبائی حکومتوں کو مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی تاکہ آنے والے رمضان میں بنیادی اشیاء کی مناسب داموں با آسانی دستیابی یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے تھوک سے پرچون کے درمیان موجود ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں چیئر مین مسابقتی کمیشن نے بتایا کہ ضلعی سطح پر قیمتوں کے تفرق کو ختم کرنے کیلئے تمام شراکت داروں کی مدد سے یکساں قیمتوں کا فارمولہ تشکیل دیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں