مسجد نبویۖ کی چھتریاں زائرین کو دھوپ اور بارش سے بچانے کا ذریعہ

مدینہ منورہ (عکس آن لائن ) مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ۖ کے صحنوں میں نصب ضخیم چھتریاں زائرین اور نمازیوں کو دھوپ اور بارش سے بچاتی ہیں اور مسجد کے صحنوں میں ان افراد کے لیے پر سکون ماحول فراہم کرتی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق مسجد نبوی کے صحنوں کے لیے خاص طور پر تیار کی جانے والی ان چھتریوں میں جدید ترین ٹکنالوجی اور اعلی ترین معیار کے مواد کا استعمال کیا گیا ہے۔ ان چھتریوں کو دو مختلف اونچائی کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے تا کہ کھلنے کے بعد یہ ایک دوسرے میں پیوست ہو سکیں۔ ان میں ایک چھتری کی بلندی 14 میٹر اور 40 سینٹی میٹر جب کہ دوسری چھتری کی بلندی 15 میٹر اور 30 سینٹی میٹر رکھی گئی ہے۔ بند ہونے کی صورت میں تمام چھتریوں کی بلندی 21 میٹر اور 70 سینٹی میٹر ہوتی ہے۔مسجد نبوی کے صحنوں میں لگائی گئی چھتریوں کی تعداد 250 ہے۔ چھتریوں کے مجموعی رقبے کا حجم 1.43 لاکھ مربع میٹر ہے۔

ان 250 چھتریوں کے نیچے 2.28 لاکھ نمازیوں کی گنجائش ہے۔ ایک چھتری کا حجم 25.5 میٹر ہے۔یہ چھتریاں 436 چھڑکا والے پنکھوں پر مشتمل ہیں۔ ان پنکھوں کو چھتریوں کے کناروں پر نصب کیا گیا ہے۔ ہر پنکھے میں 16 دہانے ہیں جن کے ذریعے پانی کا چھڑکا کیا جاتا ہے۔ ہر ستون پر یہ پنکھے ایک گھنٹے کے اندر 200 لیٹر پانی استعمال کرتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے جراثیم اور نمکیات سے پاک پانی دو پلانٹس کے ذریعے فراہم کیا جاتا ہے۔چھتریوں کے پنکھے بیرونی ہوا میں رطوبت پیدا کرنے کے لیے کام کرتے ہیں تا کہ نمازیوں کو شدید گرمی کے موسم اور خشک ماحول میں مناسب فضا فراہم کی جا سکے۔مسجد نبوی کے امور کی انتظامیہ نے ان چھتریوں کو کنٹرول کرنے کے لیے لیے ایک خصوصی آپریشن روم بنایا ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں