فلیش پوائنٹ

مسئلہ کشمیر حکومتی پالیسیوںسے نہیں کشمیریوں کی قربانیوں کی بدولت عالمی سطح پر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے،رانا تنویر حسین

شیخوپورہ(عکس آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے نہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی قربانیوں کی بدولت آج عالمی سطح پر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے

جنگ مسئلہ کا حل نہیں تاہم ملکی دفاع اور سلامتی کیلئے پاکستان کی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، بھارتی حکومت کے اقدامات خود اسکے اپنے لئے خطرہ بن گئے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پر خاموش رہنے کی بجائے بھارتی قیادت کو ہدف تنقید بنا رہی ہے، مسئلہ کشمیر صرف ایک خطہ کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ اب پوری انسانیت کی بقا اور سلامتی کا مسئلہ بن چکا ہے حکومت سیاسی مخالفین کو دیوار میں چنوانے کی بجائے ان کی مشاورت سے مربوط کشمیر پالیسی مرتب کرے اور غیر ملکی وفود میں اپوزیشن جماعتوں کے نمائندوں کو شامل کیا جائے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن پنجاب اسمبلی پیر سید اشرف رسول ایم پی اے کی اقامت گاہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سابق ایم این اے رانا افضال حسین، سا بق چیئرمین ضلع کونسل رانا احمد عتیق انور، ڈسٹرکٹ میڈیا کوآرڈینیٹر ندیم گورایہ، سید معمر حسنی رسول، ڈاکٹر محمد نعیم ملک سمیت دیگر موجود تھے، رانا تنویر حسین ایم این اے نے کہا کہ 6ستمبر ناقابل تسخیر جذبوں اور تجدید کا دن ہے نوجوان نسل کو حقیقی معنوں میں ان جذبوں سے روشناس کروانا چاہئے جن کے تحت ہمارے اکابرین نے عظیم جانی و مالی قربانیاں دیں اب اتحاد ویکجہتی،تعاون اور باہمی یگانگت سے ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا ملک دشمن قوتیں پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے کیلئے دن رات سازشوں میں مصروف عمل ہیں ان حالات میں ضروری ہے کہ جذبہ حب الوطنی کے تحت دفاع وطن کیلئے ہم ایک قوم بن جائیں اور پاکستان کے دفاع،سلامتی اور استحکام کیلئے اپنا قومی فریضہ اداکریں،

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کیلئے افواج پاکستان کی قربانیاں اور کارنامے بے مثال ہیں آپریشن ضرب عضب، نیشنل ایکشن پلان،آپریشن رد الفساد کے ذریعے افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں نے دہشت گردوں کا صفایا کیا ہے جس کا کریڈٹ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کو جاتا ہے جنہوں نے اپنے دور اقتدار میں بدامنی کے خلاف فیصلہ کن کاروائیوں کی راہ ہموار کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں