مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے چین کے قونصل جنرل کے شہبازشریف کو خط کو پاکستان کیلئے لمحہ افتخار قرار دیدیا

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے چین کے قونصل جنرل کے شہبازشریف کو خط کو پاکستان کے لئے لمحہ افتخار قرار دے دیا۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ یہ شہبازشریف کی نہیں پاکستان کی تعریف ہے، ہر پاکستانی کے لئے باعث فخر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نوازشریف کی قیادت میں شہبازشریف کی شفافیت، دیانت، امانت اور محنت کی گواہی چین جیسا عظیم دوست بھی دے رہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ جب ہر شعبہ تنزلی وتباہی کا شکار ہے ، ایسے میں یہ خط ہر پاکستانی کے لئے فخر کی بات ہے۔ انہوںنے کہاکہ قوم موازنہ کرسکتی ہے کہ آج پاکستان کے طیارے اور اثاثے ضبط ہورہے ہیں، عالمی جگ ہنسائی جاری ہے۔ انہوںنے کہا کہ شہبازشریف جیل میں ہیں لیکن ان کی محنت، اخلاص اور دیانت کی گواہی دوست ممالک دے رہے ہیں ،یہ خط اس وجہ کو بیان کرتا ہے کہ شہبازشریف جیل میں کیوں ہیں؟ انہیں کیوں گرفتار رکھا جارہا ہے؟۔

انہوںنے کہاکہ نالائق، نااہل چور وزیراعظم کو ڈر ہے کہ ”پنجاب سپیڈ” کے سامنے اس کی کوئی حیثیت نہیں ،چین کی طرف سے شہبازشریف کی سی پیک کے لئے محنت کی گواہی آرہی ہے،، دوسری طرف براڈ شیٹ میں سلیکٹڈ ٹولے کے ‘کٹ’، ‘کمشن’ اور ‘شئیر’ لیتے پکڑے جانے کے اعتراف سامنے آرہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ یہ ہے وہ فرق جو نوازشریف، شہبازشریف اور آج کے جعلی چور حکمرانوں میں ہے ،انہوںنے کہاکہ یہ خط ان کرداروں کے چہروں پر زناٹے دار تھپڑ ہے جنہوں نے شہبازشریف پر بے بنیاد، جھوٹے اور سیاسی انتقام کے مقدمات بنائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں