مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے صحت عامہ کے شعبے کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان کو قرار د یدیا

لاہور (عکس آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے صحت عامہ کے شعبے کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان کو قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر صحت عمران نیازی نے دو سال میں ہر شعبہ کی طرح صحت کے شعبے کابھی بیڑہ غرق کردیا ہے ، ان کی وجہ سے اسلام آباد کے ہسپتالوں کی مینجمنٹ کا برا حال ہے ،ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملہ ہتھیاروں کے بغیر کورونا کی خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا وزیرصحت عمران خان نے عدالتی حکم کے باوجود اب تک پی ایم ڈی سی کو بحال نہیں ہونے دیا ،اسلام آباد کا سب سے بڑا ہسپتال عارضی انتظام پر چل رہا ہے ،وزیر صحت عمران خان اب تک سیکریٹری صحت کا تقرربھی عمل میں نہیں لاسکا،نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ریہیبلیٹیشن میڈیسن (این۔آئی۔آر۔ایم) عارضی انتظام پر چلایاجارہا ہے ،ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کا مستقل سربراہ اب تک تعینات نہیں ہوسکا ۔

انہوں نے کہا وزیرصحت عمران خان اب تک مستقل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ تعینات نہیں کرسکا،پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ اربوں روپے کی ادویات سکینڈل کی شفاف تحقیقات ہوسکیں ،وزیراعظم عمران خان وزیر صحت عمران خان کی کرپشن کا جواب دیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں شروع ہونے والے صحت کے 20 منصوبوں کو موجودہ حکومت نے ختم کردیا،وزیراعظم نواز شریف کے شروع کردہ صحت کارڈ کو انصاف صحت کارڈ میں بدل دینا ہی عمران صاحب کی واحد کارکردگی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں