مرادعلی شاہ

مرادعلی شاہ کی نااہلی پردرخواست،حکومت کوجواب جمع کرانیکی ہدایت،سماعت25مئی تک ملتوی

کراچی(عکس آن لائن)سندھ ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو تا حیات نا اہل قرار دینے کی درخواست پر الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومت کو آئندہ سماعت تک جواب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت25مئی تک ملوتی کردی ہے۔منگل کو سندھ ہائیکورٹ میں دہری شہریت چھپانے سے متعلق کیس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو تاحیات نااہل قرار دینے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزارمحموداخترنقوی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مرادعلی شاہ نے گزشتہ انتخابات میں دہری شہریت چھپائی اور2 مئی 2013 کو سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا تاہم نااہلی کے باوجود مراد علی شاہ نے جامشورو سے 2014 میں ضمنی الیکشن لڑا اس لئے وزیراعلی سندھ کو تاحیات نا اہل قرار دیا جائے۔درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ مجھے الیکشن کمیشن کا جواب ملااور نہ ہی وزیراعلی کا۔

عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ آپ اپنے دلائل دے دیں۔عدالت نے الیکشن کمیشن کے جواب کی کاپی درخواست گزار کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پران کے پتے پر ٹی سی ایس کر دیں۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس کے بعد بھی کئی الیکشن ہوچکے ہیں لیکن کسی نے چیلنج نہیں کیا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ لوگ تحریری جواب جمع کرائیں جس کے بعد دلائل سن کر فیصلہ کریں گے۔سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی حکومت کو آئندہ سماعت تک جواب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 25 مئی تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں