آم

ماہرین زراعت کا باغبانوں کو آم کے درختوں پرموجود غیر ضروری بور ختم کرنے کا مشورہ

فیصل آباد (عکس آن لائن)اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد نے باغبانوں کو آم کے درختوں پرموجود غیر ضروری بور ختم کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ باغبان حضرات فوری طور پر غیر ضروی بور کاٹ کر ختم کر دیں اور درختوں کی جڑوں کے ساتھ تنے تک چونا لگانے کے علاوہ بروقت کھادکی فراہمی اور گوڈی بھی یقینی بنائیں تاکہ آ م کے درختوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے ساتھ ساتھ بہتر پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد نے باغبانوں سے کہاکہ آم کے پودوں اور درختوں کی بہتر نگہداشت سے جہاں پودوں کو مختلف ضرررساں کیڑوں اور بیماریوں کے حملے سے محفوظ رکھا جاسکتاہے وہیں پھل کی صحت مند فصل بھی حاصل ہو سکتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ دنیا بھر کے ممالک میں پاکستان کے انتہائی خوش ذائقہ اور بھر پور لذت کے حامل آموں کی زبردست مانگ ہے لیکن باغبانوں کے پاس مناسب سہولیات نہ ہونے سے آم کی بہت بڑی مقدار ضائع ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر باغبان جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں تو انہیں آم کے بہتر دام مل سکتے ہیں اور برآمد کنندگان یہ آم مختلف ممالک کو ایکسپورٹ کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں