آم

ماہرین زراعت کا آم کے باغبانوں کو پودوں کو جنوری تک خوابیدگی کی حالت میں رکھنے کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن):ماہرین زراعت نے باغبانوں کو آم کے پودوں کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کے لئے انہیں جنوری تک خوابیدگی کی حالت میں رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین نے کہا کہ باغبان رواں ماہ دسمبر کے دوران آم کے باغات کی آبپاشی بند رکھیں اور پودوں پر نئی منزلیں نہ نکلنے دیں نیز رواں ماہ کے دوران ہر قسم کی پھوٹ کو کاٹنے کے علاوہ مثر زہروں کے ذریعے جڑی بوٹیوں کی تلفی بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے بتایاکہ آم کے پودوں کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کیلئے انہیں اگلے ماہ جنوری تک خوابیدگی کی حالت میں رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار پودوں کے نیچے گہری گوڈی نہ کریں کیونکہ جڑیں زخمی ہونے کی صورت میں مختلف قسم کے جراثیم آم کے پودے کے اندر داخل ہو کر مختلف بیماریوں کا موجب بنتے ہیں جن میں پودوں کا یکدم مرجھا بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ باغبان پودے میں غیر ضروری بڑھوتری کو کنٹرول کرنے کے لئے ماہرین زراعت کے مشورہ سے سپرے کریں اور پودے میں نئی آنے والی پھوٹ کی چیکنگ اور اس کی شاخوں کی پختگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو مزید ہدایت کی کہ وہ رواں ماہ دسمبر کے آخر تک کھادیں ڈالنے کا عمل بھی مکمل کر لیں تاکہ پودے کی بہتر پیداوار میں مددمل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں