شہباز شریف

قیام پاکستان کی اصل منزل اور مقصد کو پانے کیلئے آج معاشی دھماکوں کی ضرورت ہے، شہباز شریف

اسلام آ باد (عکس آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے یوم تکبیر پر قوم، قیادت اور اداروں کو مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری پروگرام کا آغاز، تکمیل اور اس کا عملی اظہار قوم، قیادت اور اداروں کی یک جہتی کا مظہر تھا،یہ وہ جذبہ تھا جس نے پورے پاکستان کو اتحاد، قومی جذبے اور عزم صمیم سے سرشار کر دیا تھا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا نواز شریف کی پرخلوص اور محب وطن قیادت نے صرف قومی مفاد کو ترجیح دی، پو ری قوم کے ہاتھ میں پاکستان کا پرچم اور لب پہ پاکستان کے وقار کا ترانہ والہانہ تھا، انہوں نے کہا آج کا دن ہمیں پاکستان کو اولیت دینے، عوام کی حقیقی ترجمانی اور مل کر کام کرنے کے مقصد کی یاد دلاتا ہے، آئیے ایک بار اس قومی جذبے ، عزم اور مقصد کی تڑپ، لگن اور جستجو پیدا کریں۔ شہباز شریف نے کہا جوہری دھماکے ہماری قومی سلامتی، بقا اور خودمختاری کے تحفظ کےساتھ قوم کے جذبے کو برقرار رکھنے کے لئے ضروری تھے، آج معاشی دھماکوں کی ضرورت ہے تاکہ قیام پاکستان کے اصل منزل اور مقصد کو ہم پالیں، اپنے آبا اور شہدا کی نظروں میں سرخرو ٹھہریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں