قومی کرکٹر ثناء میر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

لاہور(عکس آن لائن) قومی کرکٹر ثناء میر نے اپنے 15 سالہ شاندار کرکٹ کیرئیر کو خیر آباد کہہ دیاہے‘ انہوں نے اپنے کیرئیر میں 226 بین الاقوامی میچوں میں شرکت کی‘ اس دوران انہوں نے-A0 2009-2017 تک 137 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی‘ثناء میر نے کہا کہ وہ تہہ دل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکور ہیں جس نے انہیں 15 سال ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع دیا‘

انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے‘ ثناء میر نے کہا کہ وہ-A0 اسپورٹ اسٹاف، کھلاڑیوں، گراؤنڈ اسٹاف اور ہر اس فرد کا شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے پس پردہ رہ کر ان کی کامیابی اور ویمنز کرکٹ کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا‘ میں اپنے اہلخانہ کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں جن کے غیرمشروط تعاون نے انہیں عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی سے متعلق خواب کو حقیقت میں بدلنے میں مدد دی‘ اس موقع پر اپنے ڈیپارٹمنٹ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی بھی مشکور ہیں جنہوں نے پورے کیرئیر میں ان کا ساتھ دیا اور اگر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ جاری رہتی ہے تو وہ اس کے ساتھ کام کرتی رہیں گی‘ثناء میر نے کہا کہ گذشتہ چند مہینوں نے انہیں سوچنے کا بھرپور موقع فراہم کیا اور ان کے نزدیک زندگی میں آگے بڑھنے کا یہی بہترین وقت ہے‘ انہیں یقین ہے کہ وہ ملک اور کھیل کے لیے بہترین کردار ادا کرنے میں کامیاب رہی ہیں‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنے کرکٹ کیرئیر کے دوران وہ خواتین کرکٹ کی چند بہترین کھلاڑیوں سے ملیں اور ان سے گہری دوستی قائم ہوئی‘ ان کھلاڑیوں کی کہانیاں اور فلسفہ نے نہ صرف انہیں ایک مضبوط ایتھلیٹ بننے میں مدد کی بلکہ انہیں ایسا سبق دیا جو ہار، جیت یا کھیل سے منفرد ہے‘ثناء میر نے کہا کہ جب وہ اپنے کیرئیر پر نظر ڈالتی ہیں تو انہیں یہ جان کر اطمینان نصیب ہوتا ہے کہ وہ ایک ایسے عمل کا حصہ رہی ہیں جس کے نتیجے میں پہلے لارڈز میں کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2017 کا فائنل کھیلا گیا اور پھر آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2020 کا فائنل 87 ہزار تماشائیوں کی موجودگی میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا‘یہ خواتین کرکٹ کی 2 بہترین کامیابیاں ہیں‘

انہوں نے مزید کہا کہ ویمنز کرکٹ کے فروغ اور تعاون پر آئی سی سی کی شکرگزارہوں‘ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ویمنز چیمپئین شپ جیسے ٹورنامنٹس پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا جیسی ٹیموں کے لیے بہت فائدہ مند ہیں کیونکہ ان ممالک کی خواتین کھلاڑیوں کو ان مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع ملتا ہے‘ثناء میر نے کہا کہ دنیا بھر میں موجود اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے 15 سالہ طویل کیرئیر میں ان کا بھرپور ساتھ دیا‘ثناء میر نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز اور گرین جرسی زیب تن کرنا قابل فخر لمحہ ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں