آن لائن فٹنس ٹیسٹ

قومی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کا آغازہوگیا،پہلے روز8کرکٹرز کے ٹیسٹ

لاہور(عکس آن لائن)قومی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کا آغاز ہوگیا۔پہلے دن حارث سہیل، محمد عباس، اسد شفیق ، سرفراز احمد،شان مسعود، حسن علی، شاداب خان اور عماد وسیم کے فٹنس ٹیسٹ لئے گئے،سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ دیگر کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کل منگل کو لیے جائیں گے۔ٹرینرز کی جانب سے 6،6 کھلاڑیوں کے سیٹ بناکر ان سے باری باری مختلف مشقیں کروائی گئیں،یوں اگلی ڈرل سے قبل سانسیں بحال کرنے کیلئے مناسب وقفہ بھی مل جاتا ہے، پش اپ، سٹ اپ، چن اپ اور بلغارین اسکواٹ سمیت مختلف مشقوں کے ذریعے کرکٹرز کی فٹنس کا جائزہ لیاگیا،

سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ قومی ٹیم کے اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ یاسر ملک لے رہے ہیں،ڈومیسٹک کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ متعلقہ ٹیموں کے ٹرینرز لے رہے ہیں۔یاد رہے کہ پی سی بی نے کنٹریکٹ کو پرفارمنس کیساتھ فٹنس سے بھی مشروط کرتے ہوئے پالیسی وضع کی تھی کہ معیار پر پورا نہ اترنے والے کھلاڑی کی تنخواہ سے 15 فیصد کٹوتی شروع ہو جائے گی جو بہتری آنے تک جاری رہے گی، مسلسل ناکامی پر کیٹیگری میں تنزلی یا پھر کنٹریکٹ ہی ختم کر دینے کا فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے،

تاہم گزشتہ روز ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے واضح کردیا تھا کہ ٹیسٹ کا مقصد کھلاڑیوں کو سرگرم رکھنا ہے،اس کی بنیاد پر کسی کھلاڑی کو جرمانے یا سزا کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں