ہمایوں اختر خان

قومی سلامتی کے ضامن ادارے کے مخالف بیانیہ ہی پی ڈی ایم کی سیاست کو ہڑپ کر رہا ہے’ ہمایوں اختر خان

لاہور( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماوسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے شیڈول کااعلان ہوتے ہی اپوزیشن کی سیاسی مشقیں اختتام پذیر ہو جائیں گی ، قومی سلامتی کے ضامن ادارے کے مخالف بیانیہ ہی پی ڈی ایم کی سیاست کو ہڑپ کر رہا ہے،اس وقت حکومت کے سامنے کوئی اپوزیشن نہیں اور ہماری اصل اپوزیشن مہنگائی ہے جس پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے اندر کئی محاذکھل چکے ہیںاوریہ سب قومی سلامتی کے ضامن ادارے کے مخالف بیانیے کا نتیجہ ہے۔ سیاسی جماعتوں میں موجودلوگ اپنے اپنے نظریات رکھتے ہیں لیکن پاک فوج کی اپنے ملک کیلئے قربانیوں کو دیکھتے ہوئے یہی لوگ کسی سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر اس سے دل و جان سے محبت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں صرف سینیٹ انتخابات کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں اور مسلم لیگ (ن)اس مہم کی آڑمیں اپنا کام بھی نکلوانا چاہتی ہے ۔

کرپشن کے خلاف بیانیے پر عوام حکومت کے ساتھ ہیں اور وزیر اعظم کرپشن کیسز پر مک مکا کرعوام کے اعتمادکوٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) میں ٹوٹ پھوٹ کی آوازیں آنا شروع ہو گئی ہیں اور اس کاذمہ دارپارٹی کا وہ طبقہ ہے جوقومی سلامتی کے ادارے سے بغض رکھتاہے اور اسے اپنے کنٹرول لانا چاہتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم جماعتوں کی تقسیم کے خلاف نہیں لیکن اگرکوئی خوداس کا سبب بنتاہے تو ہم اسے کیسے روک سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں