محمود خان

قائداعظم کے اصولوں ایمان، اتحادا ورتنظیم کو زندگی کا شعار بنا کر پاکستان کی تعمیر و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں،وزیر اعلی خیبرپختونخوا

پشاور (عکس آ ن لائن)وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے برصغیر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے علیحدہ ریاست کے قیام کے سلسلے میں قائداعظم محمد علی جناح کی والہانہ قیادت اور انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کے اصولوں ایمان، اتحادا ورتنظیم کو اپنی زندگی کا شعار بنا کر پاکستان کی تعمیر و ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں،قائد اعظم کی والہانہ او ر دانشمندانہ قیادت میں مسلم رہنمائوں کی انتھک جدوجہد اور عظیم قربانیوں کے نتیجے میں مملکت خداداد پاکستان معرض وجود میں آئی جس کی بقاو سلامتی ہماری اولین ذمہ داری اور ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے حوالے سے جاری اپنے پیغام میں کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت کے مسلم مخالف اور جارحانہ رویے نے ثابت کر دیا ہے کہ مسلمانوں کیلئے علیحدہ ریاست کے قیام کا فیصلہ درست اور ضروری تھا اور پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کے مسائل کا واحد اور کل وقتی حل تھا۔ محمود خان نے کہا کہ دشمن کسی خوش فہمی کا شکار نہ رہے، پاکستان اب ناقابل تسخیر قوت بن چکا ہے ،

اپنے وطن کی بقاو سلامتی کے لئے پاک افواج اور پاکستانی قوم نے پہلے کسی قربانی سے دریغ کیا ہے اور نہ آئندہ اپنے وطن کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ کریں گے۔ وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان کا استحکام اور بقاو سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، ترقی یافتہ اور خوشحال وطن ہماری حتمی منزل ہے جس کے حصول کے لئے ہمیں اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں