ہمایوں اخترخان

غلط فیصلوں کی وجہ سے پی ڈی ایم کی سیاست محفوظ راستہ مانگنے کی نہج تک پہنچ چکی ہے ‘ہمایوں اخترخان

اسلام آباد(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ غلط فیصلوں کی وجہ سے پی ڈی ایم اتحاد کی سیاست اب محفوظ راستہ مانگنے کی نہج تک پہنچ چکی ہے ،وزیر اعظم عمران خان کے بغض اور عجلت میں کئے گئے فیصلوں کی وجہ سے پی ڈی ایم بند گلی میں جا چکی ہے اور یہی وجہ ہے کہ جاتی امراء میں ہونے والے طویل ترین اجلاس میں آئندہ کی کوئی حکمت عملی مرتب نہیں کی جا سکی ،دہشتگردی کے خلاف جنگ،ملک میں امن و امان کے قیام کی کوششوں اور قدرتی آفات میںسول حکومتوں کی مدد کی وجہ سے پاک فوج اس وقت ملک کا مقبول ترین ادارہ ہے ۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوںاخترخان نے کہاکہ پی ڈی ایم قصہ پارینہ بن چکی ہے اور اب ان کی تحریک کا کوئی مستقبل نہیں ، تحریک انصاف توچاہتی ہے کہ اپوزیشن جمہوریت میں اپنا مثبت کردارادا کرے لیکن انہیں پہلے اپنے منفی عزائم کو ترک کرناہوگا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ (ن) کی بانی قیادت کی رونمائی فوج کی وجہ سے ہوئی اور آج چک 542میں بیٹھا ہوا ایک دیہاتی بھی اس سے آگاہ ہے کہ ان کی فوج کے خلاف بیان بازی اپنی سیاست چمکانے کیلئے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طویل ترین جدوجہد کے بعد تحریک انصاف ایک تیسری قوت کے طور پر ابھری اوراس نے اپنا کور ووٹ بینک بنایا ہے اس لئے ہمیں کسی سے کوئی خوف نہیںبلکہ مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کو اب اپنا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے ۔

ہمایوں اخترخان نے کہاکہ گیارہ جماعتوںکے اتحاد نے غلط فیصلے کئے ہیں اور انہیں یقینی طو رپر اس کے نتائج بھی بھگتناہوںگے اور اس کے اثرات سامنا آنا شروع ہو گئے ہیںجس کے تحت ان کے پاس آگے بڑھنے کاکوئی راستہ ہی نہیںبچا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں