میتھیو ملر

غزہ فلسطینی سرزمین ہے اور رہے گی، امریکا

واشنگٹن(عکس آن لائن) امریکا نے اسرائیلی وزراء کی جانب سے فلسطینیوں کوغزہ سے نکل جانے کے بیان کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ غزہ فلسطینی سرزمین ہے اور رہے گی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ اسرائیلی وزراء کا بیان اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ ہے، حماس کا اب کوئی مستقبل نہیں، کوئی دہشتگرد گروپ اب اسرائیل کیلئے خطرہ نہیں۔

یتھیو ملر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری بیان میں لکھا، ’امریکا نے اسرائیلی وزراء سموٹریچ اور بین گویر کے اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کو مسترد کر دیا ہے۔ غزہ سے بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی نقل مکانی نہیں ہونی چاہیے‘۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کی بربریت تھم نہیں سکی ہے اور غزہ پر وحشیانہ بمباری جاری ہے۔صہیونی افواج نے دیرالبلاح، مغازی، نوصائرت کیمپوں پر حملے کیے اور چوبیس گھنٹوں میں 207 فلسطینیوں کو شہید کردیا، جس کے بعد شہداء کی مجموعی تعداد 22 ہزار 185 ہوگئی، جبکہ 57 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

غزہ کی ستر فیصد رہائشی عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں، صیہونی فورسز نے فلسطینیوں کو جنوبی غزہ خالی کرنے کا حکم دیا ہے اور رفح منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔حماس کی جانب سے بھی جوابی کارروائیاں جاری ہیں جن میں کئی اسرائیلی فوجی مارے گئے اور متعدد گاڑیاں اور ٹینک تباہ ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں