مسرت جمشید چیمہ

عوام نے حکومت کی پالیسی میں توازن رکھنے میں تعاون نہ کیا تو لاک ڈائون کا فیصلہ ہوسکتا ہے’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(عکس آن لائن) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ کورونا وباء کی تیسری لہر کی شدت بدستور بر قرار ہے اس لئے عوام کو ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا رہنا ہوگا ،حکومت کاروبار کے ساتھ عوام کی زندگیوں کو بھی بچانا چاہتی ہے لیکن اگر عوام نے اس پالیسی میں توازن قائم رکھنے میں تعاون نہ کیا تو مجبوراً لاک ڈائون کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے ، حکومت موجودہ حالات کے تناظر میں ہسپتالوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات اٹھا رہی ہے ۔

کورونا وباء کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے ویڈیو بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ کورونا کیسز میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ہسپتالوں پر دبائو بھی بڑھ رہا ہے ۔ اگر یہ کہا جائے کہ اس وقت ایمر جنسی کی صورتحال ہے تو غلط نہ ہوگا اس لئے عوام سے اپیل ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور زیادہ سے زیادہ گھروں تک محدود رہیں ۔ انتہائی نا گزیر حالات میں باہر نکلیں لیکن اس دوران بھی کورونا سے بچائو کے ایس او پیز پر عملدرآمد کریں ، یہی وہ اقدامات ہیں جن کے ذریعے ہم اپنے ملک کو ہمسایہ ملک جیسی خطرناک صورتحال سے دوچار ہونے سے بچا سکتے ہیں۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عوام عید الفطر کی خریداری کیلئے بازاروں میں جا کر اپنی او راپنے پیاروں کی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔ اگربازار جانا بہت ضروری ہے گھر سے ایک فرد خریداری کیلئے جائے تاکہ بازاروں میں بھی رش نہ بڑھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی طرح کے حالات سے نمٹنے کیلئے اپنی پیشگی تیاریاں کر رہی ہے ،عوام سے اپیل ہے کہ موجودہ مشکل حالات میں حکومت کے طے کردہ قواعد و ضوابط پر عمل کر کے ساتھ دیں اور یہی ملک کی خدمت ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں