یاسمین راشد

عوام میں کروناوائرس بارے آگاہی کے لئے موثر تشہیری مہم چلائی جا رہی ہے،یاسمین راشد

لاہور(عکس آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پرصوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکی زیرصدارت ایوان وزیراعلیٰ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبائی وزیرخزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت،وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال، صوبائی وزیر توانائی محمد اخترملک،ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب سہیل سکھیرا، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن بیرسٹر نبیل احمد اعوان، سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرکیپٹن(ر) محمدعثمان یونس، ڈائریکٹر نیوز محکمہ تعلقات عامہ جاوید یونس و دیگر افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں کروناوائرس سے نمٹنے کے لئے پیشگی انتظامات کا جائزہ لیا۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان یونس اور بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے صوبائی وزیرکو صوبہ بھر میں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کئے گئے پیشگی انتظامات سے آگاہ کیا۔

وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں کروناوائرس سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کے لئے موثر تشہیری مہم چلائی جا رہی ہے۔پنجاب میں مشتبہ افراد کے کرونا وائرس کے حوالے سے کیئے گئے تمام ٹیسٹوں کے نتائج منفی آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں انتہائی نگہداشت یونٹس کی تعداد بھی بڑھا دی گئی۔راولپنڈی اور ملتان میں بھی انتہائی نگہداشت یونٹ کو ہر وقت فعال رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی سکریننگ کا عمل جاری ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کروناوائرس سے متعلق روزانہ کی بنیاد پراجلاس منعقد ہو گا۔تمام انتہائی نگہداشت یونٹس میں ضروری طبی سامان وافر مقدار میں موجودہے۔کرونا وائرس سے متعلق عوام میں آگاہی کے حوالے سے میڈیاانتہائی مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ کروناوائرس سے متعلق آگاہی مہم اور پیشگی انتظامات کو خودمانیٹر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے علاوہ تمام دوسرے محکمہ جات کرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے آپس میں مربوط کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں