عمر اکمل

عمر اکمل کو ان فٹ ہونے کے باوجود ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے قومی ٹیم میں شامل کیے جانیکا انکشاف

لاہور(عکس آن لائن )قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز عمر اکمل کو ان فٹ ہونے کے باوجود سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم میں شامل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 29سالہ عمر اکمل گھٹنے کی انجری کا شکار ہیں اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کے باعث ان کی اس انجری میں مزید اضافہ ہوگیا تھا تاہم ہیڈ کوچ او ر چیف سلیکٹر مصباح الحق نے پھر بھی ان فٹ عمر اکمل کو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیری کے لیے قومی ٹیم میں شامل کرلیا اور ٹیم میں شامل کیے جانے سے قبل ان کا فٹنس ٹیسٹ بھی نہیں لیا گیا تھا،اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیاجارہا ہے کہ عمر اکمل کو اپنے گھٹنے کی انجری کی سرجری کروانی پڑ سکتی ہے ۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ رو ز قومی ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے دوران بھی عمر اکمل نے ٹریننگ نہیں کی بلکہ وہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق صرف رننگ کرتے نظر آئے ،ان کی انجری اور ناقص فارم کو دیکھتے ہوئے انہیں آج سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی مقابلے کے لیے ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے ۔دوسری جانب فاسٹ بالر حسن علی تاحال کمر کی انجری سے نجات حاصل نہیں کرسکے ہیں جب کہ نوجوان پیسر شاہین شاہ آفریدی ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں