رانا ثناء اللہ

عمران خان نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا، عثمان بزدار سے بھی لوٹے ہوئے پیسے نکلوائیں گے، وفاقی وزیر داخلہ

فیصل آباد (نمائندہ عکس )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ عمران خان نے ملک کا بیڑہ غرق کردیااسلئے ہم نے آئینی طریقے سے انہیں اقتدار سے اتارالیکن ہم کسی سے انتقام لیں گے نہ جیل میں ڈالیں گے تاہم آئندہ انتخابات میں انہیں ایکسپوزضرور کیا جا ئے گاجبکہ عمران خان جتنے مرضی جلسے جلوس کھیلتے رہیں ہم ان کی نااہلی، کرپشن اور بیڈ گورننس سے بھی عوام کو آگاہ کرتے رہیں گے،لاہور کے عوام نے عمران خان کے بیانیہ کو یکسر مسترد کردیا یہی وجہ ہے کہ ان کا جمعرات کا مینار پاکستان لاہور کا جلسہ ان کی تمامتر کوششوں کے باوجود ایک فلاپ شو ثابت ہواکیونکہ عمران خان کا گریٹر پارک لاہور کا جلسہ 2011 کے مقابلہ میں ایک تہائی بھی نہیں تھااورتحریک انصاف کے 2011 کے جلسے کی کامیابی کی بنیادی وجہ بھی علیم خان تھے مگراس کے باوجود 2013 کے عام انتخابات میں انہیں صرف 7 سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔

وفاقی وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد رات گئے پہلی بار فیصل آباد آمد کے موقع پراپنے ڈیرہ سمن آباد میں استقبالی کارکنان کے بڑے اجتماع سے خطاب انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو بربادی کے دھانے پر لاکھڑا کیا،ان کی کوئی اقتصادی یا معاشی پالیسی نہیں تھی،چیزیں مہنگی بکتی رہیں لیکن کوئی پوچھنے والا نہ تھا، صبح کو اشیا کے ریٹ کچھ اور جبکہ شام کو کچھ اور ہوتے تھے لیکن ملک بھر میں بالعموم جبکہ پنجاب بھر میں با لخصوص گورننس نام کی کوئی چیز نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان انتہائی متکبرانہ سوچ کے حامل تھے جو عوام کو ریاست مدینہ کی کہانیاں سناتے لیکن ان کا عمل اور قول و فعل اس کے برعکس ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موصوف کی دیانتداری کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے توشہ خانے جو بیت المال کی ہی ایک شکل ہے کو بھی نہیں بخشا اور ان گنت تحائف اٹھا کرغائب کردیئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ8کروڑ کی گھڑی اونے پونے داموں فروخت کرنا چاہی تو اس کا بروقت انکشاف ہوگیا اسی طرح دیگر تحائف کی بھی بندر بانٹ کی گئی جس کی مکمل تفصیلات جلد منظر عام پر لائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ ہم نے ان کے بندے توڑ لئے حالانکہ یہ لوگ تو پہلے ہی ان سے ناراض تھے اور یہ سارے کھاتے پیتے لوگ ہیں انہیں پیسوں کی کیا ضرورت ہے مگریہ ارکان ہم سے کہتے تھے کہ کچھ کریں کیونکہ عمران خان ملک کا بیڑا غرق کررہا ہے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن جو چاہتا ہے ہم وہ اصلاحات کریں گے تاہم الیکشن کمیشن عدالت میں کہہ چکا ہے کہ انتخابات کیلئے 7 ماہ درکار ہیں مگرہم الیکشن کمیشن کو تمام مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں اور کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی پیسے نقد ہی کمائے ہیں اور وزیراعلیٰ ہاس میں لوٹ مار و کرپشن کا یہ عالم تھا کہ جب کوئی سائل وزیر اعلیٰ ہاس جاتا تو اس کے ٹاٹ ہی اس سے ملتے اور ہر ہر کام کا پیسہ وصول کرتے اسی طرح تمام اہم عہدوں پر پیسے لیکر لوگ لگائے گئے اور یہ ہم نہیں خود ان کے قریبی ساتھی و دست راست کہہ رہے ہیں جس کا عمران خان کو بخوبی علم تھا لیکن وہ عثمان بزدار کو مسلسل تحفظ فراہم کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار سے بھی لوٹے ہوئے پیسے نکلوائیں گے اور انتقام نہیں لیں گے بلکہ انصاف کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم انتقام کی سیاست کے حامی نہیں نہ ہی کسی کو جیل میں ڈالیں گے لیکن احتساب تو ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فرح خان پیسے بناکر باہر بھاگ گئی ہے لہٰذاہم فرح خان کو بعد میں پہلے اس کے لوٹے ہوئے پیسے پکڑیں اور جن جن کو حصہ پہنچتا تھا بے نقاب کریں گے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کو علم تھا کہ ان کے بندے ان سے ناراض ہیں لیکن جب کبھی کوئی بل وغیرہ پاس کروانا ہوتا تھا تو انہیں طاقت کے زور پر ڈرا دھمکا کر اسمبلی پہنچایا اور ان کا ووٹ کانٹ کروایا جا تا تھااسلئے ہم نے پی ٹی آئی کے ارکان کو نہیں توڑا بلکہ یہ ارکان بہت پہلے سے ہم سے خود کہتے تھے کہ کچھ کریں ورنہ عمران خان ملک برباد کرکے چھوڑے گاانہوں نے کہا کہ باغی ارکان نے کسی سے پیسے نہیں لئے بلکہ ان کا فیصلہ ان کے ضمیر کی آواز تھا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پچھلے چار سال سے مسلط ٹولے نے گورننس و خدمت کی بجائے انتقام پر توجہ مرکوز رکھی، پراپیگنڈہ و سوشل میڈیا ٹرینڈ چلائے رکھا، لوگوں کی عزتیں اچھالی گئیں اور فین کلب کے ذریعے سب کی کردار کشی کروائی گئی جنہیں روزگار کی فکر نہیں تھی مگر انہیں یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ چینی 55سے بڑھ کر 100 اور فائن آٹابھی 100 روپے کلو تک پہنچ گیا ہے اسے طرح ادویات کی قیمتیں بھی 6 گنا تک بڑھ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے کاروبار بند ہوگئے اور بیروزگاری عروج حاصل کرنے لگی لہٰذا یہ جو آج امریکہ پر اپنی حکومت ختم کرنے کا الزام لگارہا ہے یہ کل عوام میں آئے گا تو اسے جوتے پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ہر قسم کی مدد حاصل ہونے کے باوجود اسے پانچ چھ اتحادی جماعتوں کا سہارا لینا پڑا لیکن پھر بھی اس کے پاس 172 ارکان پورے نہیں ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ انشااللہ آئندہ عام انتخابات میں ہم فیصل آباد سے قومی و صوبائی اسمبلی کی تمام نشستیں جیتیں گے۔

انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ پورے جوش و جذبے اور زور و شور سے عام انتخابات کی تیاری شروع کردیں تاکہ ہم تاریخ ساز کامیابیاں سمیٹ سکیں۔انہوں نے کہا کہ عمرانی حکومت کو کسی سازش کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ اس کے اعمال ہی ایسے تھے کہ اس کو جانا ہی تھا نیز ان کے اتحادی ان سے ناراض اور باغی دو سالوں سے ہمارے ساتھ رابطے میں تھے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اخلاقیات اور معیشت کا بیڑا غرق کردیااورسوائے گالم گلوچ بریگیڈ تیار کرنے کے اور کوئی کام نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مہنگائی ختم، معیشت بحال اور غربت کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان جیسے لوگوں نے اس پر پانی کی طرح پیسہ بہایا لیکن اس نے ان محسنوں کو بھی معاف نہیں کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں