شیخ رشید

عمران خان مقدرکے سکندرہیں،ایسی نکمی اپوزیشن ملی، شیخ رشید

اسلام آباد( آئی این پی) وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان مقدرکے سکندرہیں،ایسی نکمی اپوزیشن ملی،ایسی بےکاراورتھکی ہوئی اپوزیشن کبھی نہیں دیکھی،بجٹ پر جہانگیر ترین گروپ کے تمام ووٹ عمران خان کے حق میں پڑیں گے، نوازشریف گولی دینے میں کامیاب ہوئے جس کادکھ عمران خان کوبھی ہے،شہبازشریف کوہم نے روک لیااورنام ای سی ایل میں ڈالا،شہبازشریف کی وزارت داخلہ کودرخواست دینے کی مدت ختم ہوگئی۔توار کو اسلام آباد کے جی نائن مرکز میں ویکسینیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کے نسبت پاکستان میں ویکسینیشن کی صورتحال بہتر ہے اور لوگوں میں اب اس کا رجحان پیدا ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے لوگ ویکسینیشن کے خلاف تھے اور اس کے خلاف پروپیگنڈا ہورہا تھا لیکن اب دنیا ویکسینیشن کی جانب جارہی ہے اور کم سے کم مدت میں مکمل کی جائےگی۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے جنرل حماد، وفاقی وزیر اسد عمر اور خاص کر وزیراعظم عمران خان کو کریڈٹ دوں گا کہ اس قسم کی معیشت میں بھی ویکسینیشن کرائی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت میں بالخصوص اتر پردیش، مہراشٹرا، سی پی کی صورتحال دیکھیں وہاں بورڈ لگے ہوئے کہ 7 روز تک ویکسینیشن نہیں ہوسکتی لیکن پاکستان میں کہیں ‘نو ویکسینیشن’ کا بورڈ نہیں لگا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران سعودی عرب کی جانب سے صرف مخصوصی ویکسینیشن کو منظوری دینے پر متعلقہ حکام سے بات کریں گے وہ اس مسئلے کو خود دیکھ رہے ہیں۔ ترین گروپ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ میں اس ملک میں عمران خان کی کوئی اپوزیشن نہیں دیکھ رہا، اتنی نااہل، نالائق اور نکمی اپوزیشن میں نے نہیں دیکھی کہ دسمبر میں انہوں نے ڈیڈ لائن دی تھی اور اب بجٹ بھی پیش ہونے جارہا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت سے مجھے پوری توقع ہے کہ مزدوروں کی تنخواہوں اور پیشن میں بھی اضافہ ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف گولی دینے میں کامیاب ہوگئے جس کا دکھ عمران خان کو بھی بہت زیادہ ہے لیکن شہباز شریف کو روک دیا گیا اور ای سی ایل میں اندراج کے خلاف درخواست دینے کے 15 روز ہوتے ہیں جو کل گزر چکے اور کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ جے یو آئی جانے، ایف جانے، نون جانے، آپس میں جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے، عمران خان خوش نصیب شخص ہے کہ جسے ایسی نکمی اپوزیشن ملی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی منظوری کے لیے جہانگیر ترین گروپ کے بھی تمام ووٹس حمایت میں پڑیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں