عثمان بزدار

عثمان بزدار کا صوبے میں گندم، آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لئے انتظامی اقدامات کرنے کا حکم

لاہور (عکس آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لئے انتظامی اقدامات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبے میں گندم اور آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوٹس لے کر انتظامی اقدامات کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ محکمہ خوراک کے حکام اور انتظامی افسران قیمتوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کریں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ آٹے کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کرنیوالے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لا کر گندم اورآٹے کی مقررکردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں کو خود مانیٹر اور ضرورت پڑنے پر چھاپے مار کر نرخوں کا جائزہ لوں گا،

صوبے کے عوام کو کسی صورت ناجائزمنافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد نرخوں میں اضافہ کسی قیمت پر قابل قبول نہیں ہے،

عوام کو ہر ممکن ریلیف دینے کے لئے متعلقہ ادارے متحرک رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں