مشعال ملک

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، مشعال ملک

اسلام آباد(عکس آن لائن) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے اسیر چیئرمین یاسین ملک کی اہلیہ ونگران وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت غیر کشمیریوں کو وادی میں آباد کر کے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیرکی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور کشمیریوں کو خاموش کرنے کے لیے طرح طرح کے غیر انسانی حربے استعمال کر رہا ہے ۔

سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے قابض افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں لیکن بھارت سچائی کو دبانے میں ناکام ر ہا ہے۔ کشمیری نوجوانوں اور صحافیوں کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے سخت قوانین کا استعمال کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کوآگے بڑھ کرنئی دہلی کو مقبوضہ علاقے میں اس کے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے لیے جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وقت آگیا ہے کہ مودی کی زیرقیادت حکومت تمام سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کرے اور کشمیری عوام کو اپنی مرضی کے مطابق قسمت کا فیصلہ کرنے دیں۔مشعال ملک نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں