عمران خان

ظل شاہ قتل کیس ، چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت منظور

لاہور (عکس آن لائن ) لاہور ہائی کورٹ نے ظل شاہ قتل کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کی عبوری ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔ چیئرمین پی ٹی آئی ظل شاہ قتل کیس میں ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ پیش ہوئے۔ جسٹس انوار الحق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کونسی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں؟ کیا یہ کیس قابل ضمانت ہے؟ پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ جی ہے تو قابل ضمانت۔ عدالت میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے ایف آئی آر پڑھ کر سنائی۔

عدالت نے کہا کہ یہاں 3 پراسیکیوٹر کھڑے ہیں، بتائیے آپ نے جو ایف آئی آر پڑھی اس سے ملزم کا کیا تعلق بنتا ہے؟ آپ چھوڑ دیں کہ ملزم کون ہے صرف یہ دیکھیں کہ کیا اس کی ضمانت منسوخ ہوتی ہے، آپ کوئی تو طریقہ بتا دیں۔ بعدازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ظل شاہ قتل کیس میں ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں