امریکی میڈیا

صدرڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا کو لنگڑاقراردیدیا

واشنگٹن (عکس آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا کو لنگڑا قراردے دیا ۔ اپنی ایک ٹویٹ میں امریکی میڈیا کو لنگڑا کہتے ہوئے لکھا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں روزانہ پریس کانفرنس کا کوئی مقصد نہیں۔اپنی ٹویٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا کو ایک بار پھر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ لنگڑا میڈیا صرف جارحانہ سوال کرتا ہے اور بعد میں سچائی یا حقیقت کی رپورٹنگ درست طور پر نہیں کرتا۔

اس سے انہیں (امریکی میڈیا کو)ریٹنگ تو مل جاتی ہے لیکن امریکی عوام کو صرف جھوٹی خبریں ملتی ہیں۔ اس پر وقت اور توانائی صرف کرنا فضول ہے۔واضح رہے کہ امریکا میں صدارتی انتخابات کا وقت قریب ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاس میں تقریبا روزانہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ ہوچکا ہے، جنہیں وہ واضح لیکن غیر اعلانیہ طور پر اپنی صدارتی مہم کیلیے استعمال کر رہے ہیں۔

تاہم، ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیروں کا کہنا ہے کہ روزانہ پریس کانفرنس سے ٹرمپ کی مقبولیت بڑھنے کے بجائے بہت تیزی سے نیچے جارہی ہے جس کا براہِ راست اثر ان کی صدارتی مہم پر پڑے گا۔ اس لیے انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ فی الحال وہ پریس کانفرنس کرنے سے جتنا دور رہیں، ان کی انتخابی مہم کیلئے اتنا ہی بہتر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں