صحت مند

صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیلوں کا فروغ ضروری ہے ،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (عکس آن لائن)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کھیلوں کا فروغ اور کھیلوں کے میدانوں کا آباد ہونا ضروری ہے،کھیل بچوں کی ذہنی نشونما کے ساتھ ساتھ ان میں مقابلہ کرنے کا حوصلہ اور اعتماد پیدا کرتے ہیں،موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز جناح سپورٹس اسٹیڈیم ،اسلام آباد میں اساس انٹرنیشنل اسکول کے سپورٹ ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی اسپیکر نے کامیاب پروگرام کے انعقاد پر سکول انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نصابی سرگرمیوں میں بھر حصہ لینے کے لئے ایک صحت مند دماغ اور صحت مند جسم کا ہونا ضروری ہے جس کے لیے بچوں میں کھیلوں میں حصہ لینے کے رحجان کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں طلبائ اور طالبات کی جانب سے پیش کیے جانے والے ٹیبلوز اور کھیلوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور قوم کے مستقبل کو روشن اور تابناک کے لیے اسکولوں میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے ٹیبلو شو کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچے بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں تاہم انہیں معاشرے کا ایک فعال آور کارآمد شہری بنانے کے لیے ان کی صحیح رہنمائی اور حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ انہوں نے بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اساتذہ کے کردار کو سراہا اور والدین پر بچوں کو صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی کرنے ضرورت پر زور دیا۔تقریب کے آخر میں ڈپٹی اسپیکر نے کھیلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے طلبائ میں میڈل اورانعامات تقسیم کیے۔تقریب میں ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی ،اساس انٹرنیشنل اسکول کے اساتذہ اور انتظامیہ،والدین اور طلبائ وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں