شاداب خان

شاداب خان پی ایس ایل 9 کی ٹیم کے کپتان مقرر

اسلام آباد (عکس آن لائن)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان کو پی ایس ایل کی منتخب کردہ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، ٹیم میں ملتان سلطانز کے 5، اسلام آباد یونائیٹڈ کے 3، پشاور زلمی کے 2 اور کراچی کنگز کے 1 کھلاڑی کو شامل کیا گیا ہے۔

پی ایس ایل ٹیم کا انتخاب ایک پینل کے ذریعے کیا گیا جس کی سربراہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کر رہے تھے، جبکہ پینل کے آزاد ارکان میں کمنٹیٹر ڈینی موریسن، مارک بوچر، عروج ممتاز اور طارق سعید شامل تھے۔سلیکشن کے عمل کے دوران آزاد پینل نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا، جس میں مستقل مزاجی، ٹیم اور مجموعی کھیل پر اثرات اور بہترین ممکنہ ٹیم کامبی نیشن شامل ہے۔

25 سالہ شاداب کی کپتانی میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کا تیسرا ٹائٹل جیتا ہے، ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا، جس میں 12 میچوں میں 305 رنز اور 14 وکٹیں شامل تھیں۔شاداب کے ساتھ، اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو کھلاڑی عماد وسیم اور نسیم شاہ نے بھی ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔

عماد وسیم نے پی ایس ایل کے اس ایڈیشن میں یونائیٹڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور فائنل میں ان کے چار اوورز میں 23 رنز کے عوض پانچ وکٹیں، 17 گیندوں پر ناقابل شکست 19 رنز کی بدولت ملتان سلطانز کو دو وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔کندھے کی انجری سے واپس آنے والے 21 سالہ نسیم شاہ یونائیٹڈ کی کامیابی میں ایک اور اہم کردار تھے، دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے 7.56 کی اکانومی ریٹ سے 15 وکٹیں حاصل کیں۔

ملتان سلطانز جس نے پیر کی رات2021، 22 اور 23 کے بعد 2024 کے پی ایس ایل ایڈیشن میں لگاتار اپنا چوتھا فائنل کھیلا اس کے تین غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت 5 کھلاڑیوں کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔پی ایس ایل ٹیم کی پلیئنگ الیون میں ملتان سلطان کی جانب سے 164.12 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلتے ہوئے دو سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کے ساتھ 430 رنز اسکور کرنے والے عثمان خان، 8.42 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 6 وکٹیں حاصل کرنے والے کرس جارڈن اور 7.46 اکانومی ریٹ کے ساتھ 15 وکٹیں حاصل کرنے والے ڈیوڈ وِلی کو شامل کیا گیا ہے۔

ملتان سلطان کے مقامی کھلاڑی میں سے اسامہ میر اور افتخار احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، اسامہ میر 12 میچوں میں 24 وکٹوں کے ساتھ بولنگ چارٹ میں سرفہرست ہیں، اوران کی بہترین بولنگ پرفارمنس ایک میچ میں 40 رنز کے عوض چھ وکٹیں ہیں جبکہ افتخار احمد نے ٹورنامنٹ میں دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 259 رنز بنائے، ٹیم کیلئے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان 12 ویں کھلاڑی قرار پائے ہیں۔

ٹیم میں کراچی کنگز کے ایمرجنگ کیٹیگری کے کھلاڑی عرفان خان بھی شامل ہیں جنہوں نے 140.16 کے اسٹرائیک ریٹ سے 171 رنز بنائے اور 8 کیچ بھی پکڑے۔پشاور زلمی کی اوپننگ جوڑی بابراعظم اور صائم ایوب نے بھی ٹیم میں جگہ بنائی، دائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بابراعظم 11 میچوں میں 56.9 کی اوسط اور 142.6 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ
569 رنز کے ساتھ بیٹنگ چارٹ میں سرفہرست ہیں،

انہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران ایک سنچری اور پانچ نصف سنچریاں بھی بنائیں۔ 22 سالہ صائم نے 11 میچوں میں 157.53 کے اسٹرائیک ریٹ سے 345 رنز بنائے، انہوں نے 8 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں