میاں زاہد حسین

سینیٹ الیکشن سے نظام کمزور،سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہو اہے،میاں زاہدحسین

کراچی(عکس آن لائن)ایف پی سی سی آئی کے نیشنل بزنس گروپ کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن نے انتخابی نظام کی کمزوریوں کو عیاں کرتے ہوئے سارے سسٹم کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ اگردونوں طرف کے سیاستدان ایک سوووٹوں کے معاملہ خوش اسلوبی سے حل نہیں کر سکتے توشفاف جنرل الیکشن کا انعقادکیونکر ممکن ہو گا اور اہم معاملات کیسے آگے بڑھیں گے۔

میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی سیاسی کشیدگی اور عدم استحکام نے ملک بھر کی کاروباری برادری کو خوفزدہ کر دیا ہے۔حکومت اور اپوزیشن کے مابین روز کی پریس کانفرنسوں اورٹاک شوز میں الزامات کی بوچھاڑ سے ان کے مابین فاصلے مذیدبڑھ رہے ہیں جس کا نتیجہ مقدمات اور احتجاج کی صورت میں نکل رہا ہے۔اپوزیشن کا احتجاج حکومت کو مہنگائی کم کرنے، عوام کو ریلیف دینے یا اصلاحات پر عمل درآمد کرنے کا وقت نہیں دے گا اور اسکی ساری توجہ حزب اختلاف کی کاروائیوں کا توڑ کرنے پر مزکور رہے گی جس سے منفی عناصر فائدہ اٹھاتے ہوئے منافع کے لئے مہنگائی کو ہوا دینگے جس سے غربت بڑھے گی۔

ان حالات میں معیشت اور عوام بری طرح متاثر ہونگے۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی سے صرف عوام اور معیشت متاثر نہیں ہونگے بلکہ اس سے اسٹاک ایکسچینج سمیت تمام سرکاری اور نجی ادارے اور ترقیاتی منصوبے متاثر ہونگے اور ملکی نظام خطرات میں گھر جائے گا۔حکومت اور اپوزیشن کو چا ہئیے کہ اپنے ترجمانوں کو حدود و قیود کا پابند بنائیں تاکہ وہ جلتی پر تیل ڈالنے کا کام نہ کریں اور تمام سیاسی جماعتیں مل کر الیکشن کے نظام کی کمزوریوں کو دور کریں ، قوانین کو بہتر بنائیں اور خفیہ کیمروں کے معاملے کو کسی منطقی نتیجہ تک پہنچائیں تاکہ صورتحال معمول پر آ جائے اورعوام کو ریلیف دینے کا سلسلہ شروع کیا جا سکے کیونکہ ان کے نہ ختم ہونے والے جھگڑوں سے ملکی معاشی صورتحال مذید خراب ہو سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں