عظمیٰ بخاری

سیلاب متاثرین کے نام پر اکٹھی امداد بھی اسلام آباد میں انتشار کیلئے استعمال ہونے کا خدشہ ہے ،آڈٹ ہونا چاہیے ‘عظمیٰ بخاری

لاہور ( نمائندہ عکس) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ فتنہ خان ریاست کیخلاف فتنہ پھیلانے کیلئے لوگوں سے حلف لے رہے ہیں ،سیلاب متاثرین کے نام پر اکٹھی ہونیوالی امداد بھی اسلام آباد میں انتشار کیلئے استعمال ہونے کا خدشہ ہے ،عمران خان کی آڈیو ،ویڈیوز لیک معاملے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ،ریاست کے خلاف فورس بنانے کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے، اعتزاز احسن عرضی لئے پھر رہے ہیں کہ لاہور سے انہیں یا ان کی بیگم کو ٹکٹ دیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہا کہ پنجاب میں روز تماشا لگا ہوا ہے ، صوبائی وزراء ہاشم ڈوگر اور لطیف نذر گجر نے استعفیٰ دیدیاہے،ہاشم ڈوگر کے استعفیٰ کے پیچھے کہانی یہ ہے کہ عمران خان انکی کارکردگی سے خوش نہیں تھے،ہاشم ڈوگر نے توہین مذہب پر مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کے خلاف مقدمات درج کروائے ،شہباز گل کو اڈیالہ جیل میں ہاشم ڈوگر نے سہولیات دیں اور ایک سچ کہہ دیا کہ شہباز گل پر کوئی تشدد نہیں ہوا جس پر عمران خان خوش نہ تھے ، اب سن رہے کہ وزیر داخلہ سینئر وزیر المعروف قبضہ مافیا کو بنایاجارہاہے، اسلم اقبال جیسے لوگ وزیر داخلہ ہوں گے جو پہلے ہی غنڈہ گردی اور تھانوں میں جاکر دھمکیاں دینے کے حوالے سے مشہور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی میں کبھی رواداری نہیں دیکھی ،ان میں بطور سپیکر اور وزیر اعلیٰ کچھ نہیں دیکھا، اب بھی وزیر اعلیٰ پنجاب عمران خان ہی ہیں ۔عمران خان کو جیل بھرو تحریک آئی ہے جبکہ دوسری طرف جیل بھرو تحریک میں نوجوان جیلوں میں اور خود اپنی ضمانت کروانے پہنچ گئے،قائد انقلاب لاہور بنی گالہ یا پشاور چلے جاتے ہیں وہ اپنے غنڈوں سے ریاست پاکستان میں دھمکیاں دیتے ہیں، عمران خان لوگوں سے حلف لے رہے ہیں کہ ریاست کے خلاف فتنہ پھیلانے کیلئے آنا ہے، یہ کون سا انقلاب اور کون سی سیاست ہے کہ نوجوان جیل میں چلے جائیں ،قاسم اور سلمان اپنے والد کا جیل بھرنے کا خواب کیوں پورا نہیں کرتے۔نیازی کا حلف دیکھ رہے ہیں ایک ہٹلر نازیوں سے حلف لیا تھا کہ وہ فساد کا حصہ بنیں گے، عمران خان بھی اپنے دور کا نازی ہے۔

انہوںنے کہا کہ مشیر اطلاعات عمر چیمہ نے انصاف فورس تشکیل دی ہے ،ٹائیگر فورس نے پہلے کورونا کا پیسہ کھایا اور بھتے لیے ،وفاقی حکومت پر توجہ دلانا چاہتی ہوں کہ ریاست کے خلاف فورس بنانے کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان ریاست پر چڑھائی کا اعلان کررہا ہے ،انہوں نے سیلاب زدگان کے نام پر پیسے اکٹھے کئے ہیں اب قوم کو بتائیں کتنے ارب آئے اور کہاں لگے، فارن فنڈڈ فتنہ جو پہلے ہی زکوة و خیرات کھانے کا عادی ہو تو آج کیسے مان لوں کہ جتنے پیسے اکٹھے ہوئے وہ کہاں خرچ ہونگے ،خدشہ ہے کہ امدادی رقم بھی اسلام آباد میں فتنہ پر خرچ کی جائے گی ، عمران خان سے سیلاب فنڈز کا آڈٹ ہونا چاہیے ،کتنے پیسے کہاں سے اکٹھے کئے ،پتہ چلایا جائے کہ اسلام آباد چڑھائی کیلئے نہ جانے کون کون سی لابی متحرک ہے ۔عمران خان سے تین سوال ہیں کتنے پیسے اکٹھے کئے پیسے دینے والے ڈونرز کا نام سامنے آنا چاہیے اور انکا آڈٹ ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن عمر کے اس حصے ہیں کہ عرضی لئے پھر رہے ہیں لاہور سے انہیں یا ان کی بیگم کو ٹکٹ دیا جائے ،اعتزاز احسن بھی عمران خان کی پٹری پر چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہکامران ٹیسوری ایم کیو ایم کا نمائندہ ہے اور گورنر سندھ کے لئے انہی کا نمائندہ آنا تھا ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی صوبائی موضوع ہوتا ہے یہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور منتخب نمائندوں کا کام ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کا وزیر اعلی عمران خان ہے جو شر پھیلانے لاہور آ رہے ہیں،عمران خان کی آڈیوو ویڈیوز جس نے بنائی ہیں ان دونوں سے ہمارا لینا دینا نہیں ہے، عمران خان نے مریم نواز کا نام لیا ہے وہ ان کا نام نہ لیں کیونکہ عمران خان کے کرتوت بہت گندے ہیں ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اسحاق ڈار کی آمد کے بعد ڈالر کی قدر میں 20روپے کی کمی ہوئی ،پیٹرولیم مصنوعات بھی کم کی گئیں جبکہ بجلی یونٹ میں کمی پر بھی سفارشات ہیں ۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں