آل پاکستان

سیاسی جماعتیں انا،ضد چھوڑ کر ملک کی خاطر سر جوڑ کر بیٹھیں ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ موجودہ نازک معاشی حالات اس امر کے متقاضی ہیںکہ تمام سیاسی جماعتیں اپنی اناء اور ضد کو چھوڑ کر ملک اور22کروڑ عوام کی خاطر سر جوڑ کر بیٹھیں ، حکومت موجودہ حالات کے تناظر میںفی الفور آل پارٹیز کانفرنس بلائے جس میں موجودہ صورتحال سے باہر نکلنے کیلئے متفقہ لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہاکہ سیاست میں کبھی بھی دروازے بند نہیں ہوتے لیکن بد قسمتی سے ہماری سیاست میں جس طرح تلخی پیدا ہو گئی ہے اس میں سیاسی رابطوں میں تعطل آ گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ بزرگ اوروضع دارسیاستدانوںکوموجودہ حالات میں کردار ادا کرنے کیلئے سامنے آنا چاہیے تاکہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے متفقہ لائحہ عمل تشکیل دیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہاکہ حکومت کو چاہیے کہ موجودہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرے اورتحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں کی قیادت کو شرکت کی باضابطہ دعوت دی جائے اگر اس کے باوجود کسی جماعت کی قیادت شرکت سے انکار کرتی ہے تو عوام اس کا خود احتساب کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات کے حوالے سے جس طرح کی اطلاعات گردش کر رہی ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں اوراس کی وجہ سے ہر طرح کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں