فیاض الحسن چوہان

سپریم کورٹ کی رٹ تباہ ہونے سے معاشرہ تباہ و برباد ہوجائے گا’ فیاض الحسن چوہان

لاہور (عکس آن لائن) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے میڈیا ایڈوائزر فیاض الحسن چوہان نے حکومت کی جانب سے تاحال عام انتخابات کے لیے فنڈز جاری نہ کیے جانے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ عدلیہ کے احکامات کے خلاف جاتے ہوئے الیکشن کے لیے مجوزہ فنڈز جاری نہ کر کے موجودہ حکومت اور بالخصوص موجودہ وزیراعظم پاکستان توہینِ عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شکست کے خوف سے پی ڈی ایم حکومت آئین دشمنی کی آخری حدوں کو چھو چکی ہے ۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ماضی میں سپریم کورٹ سے سیاسی ریلیف حاصل کرنے والی یہی جماعتیں اب سپریم کورٹ کو سیاسی معاملات سے دور رکھنے کے لیے ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ موجودہ امپورٹڈ اور فاشسٹ حکومت بھی سپریم کورٹ کی مداخلت کی وجہ سے ہی قائم ہوئی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ اس تیرہ جماعتی ٹولے کے حق میں فیصلہ کرے تو زندہ باد، ان کی مرضی و منشا کے برخلاف فیصلہ کرے تو مردہ باد کے نعرے لگانے پر آ جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا یہ جانتے ہوئے بھی کہ سپریم کورٹ کی رٹ تباہ ہونے سے معاشرہ تباہ و برباد ہوجائے گا، حکومتی ٹھگوں کا ٹولہ اپنے ناجائز مفادات پر آئین اور ریاست کو قربان کرنا چاہ رہا ہے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 14 مئی کو پنجاب اسمبلی کا انتخاب آئین کی ضرورت اور عوام کی ضد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں