سمبڑیال

سمبڑیال: موضع رلیوکے میں قبضہ مافیا سے واگذار کروائی جانے والی سرکاری اراضی پر با اثر افراد دوبارہ قابض ہونا شروع ہو گئے

سمبڑیال( نمائندہ عکس آن لائن ) موضع رلیوکے میں قبضہ مافیا سے واگذار کروائی جانے والی سرکاری اراضی پر با اثر افراد دوبارہ قابض ہونا شروع ہو گئے ، سابق اے سی کی طرف سے بحال کروائے جانے والے جوہڑ پرقبضہ کی غرض سے مٹی ڈالنے پر گندا پانی سڑک پر آنے سے گاﺅں کا واحد راستہ دلدل میں تبدیل، مقامی آبادی کا سمبڑیال سمیت ملحقہ دیہاتوں سے رابطہ منقطع ہو گیا جبکہ صورتحال پر چشم پوشی اور عدم دلچسپی نے کاروائی سے گریزاں انتظامیہ پر سوالیہ نشان لگا دیا۔

تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل سرکاری زمینوں پر ناجائز قابضین کے خلاف کریک ڈاﺅن کے دوران سابق اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال اظہار الحق باجوہ نے سمبڑیال کے نواحی گاﺅں موضع رلیوکے میں قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی پر جوہڑ کا قبضہ ختم کروا کر جوہڑ کو بحال کروادیا تھا اور صفائی بھی کروا دی تھی جبکہ موجودہ انتظامی افسران کی نااہلی عدم دلچسپی سے بااثر قبضہ مافیا نے پھر سے قبضہ کرنا شروع کر دیا ہے اور قبضہ کرنے والوں کی طرف سے جوہڑ پر قبضہ کرنے کی غرض سے ڈالی جانے والی مٹی کے باعث گندا پانی گلی میں پھیلنے اور سڑک پر آ جانے سے مقامی لوگوں کا گزرنا اور ٹریفک کی آمد و روفت بند ہو کر رہ گئی ہے اور سمبڑیال شہر اور نواحی دیہاتوں کو آپس میں ملانے والا موضع رلیوکے کاواحد راستہ دلدل کی شکل اختیار کرنے کے باعث رابطہ منقطع ہونے سے اہل علاقہ کیلئے شدید پریشانی کا باعث بھی بنا ہوا ہے جبکہ مقامی انتظامیہ کی طرف سے صورتحال پر نوٹس لینے اور قبضہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے کی بجائے غفلت اور معنی خیز چشم پوشی سے اہل دیہہ میں شدید اضطراب پایا جارہا ہے ۔ مقامی شہریوں ، سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، کمشنر گوجرانوالہ ذوالفقار گھمن سمیت ارباب اختیار سے فوری نوٹس لے کر سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں