وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

سرکاری ملازمین کی ضروریات اور مسائل کا پورا ادراک ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں سرکاری ملازمین کی ضروریات اور مسائل کا پورا ادراک ہے، اپوزیشن کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ہر مسئلے کو ہوا دے اور معاملات کو سلجھانے کی بجائے ان میں مزید بگاڑ پیدا کرے۔

اپنے بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دھرنا اس وقت دیا جاتا ہے جب آپ کی شنوائی نہ ہو رہی ہو۔انہوں نے کہاکہ ہمیں سرکاری ملازمین کی ضروریات اور مسائل کا پورا ادراک ہے،ہمیں سرکاری ملازمین کی اہمیت کا بخوبی علم ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں علم ہے کہ مہنگائی میں اضافہ کے سبب سرکاری ملازمین بھی تکلیف کا شکار ہیں،ہمیں اس کیلئے راستہ نکالنا ہے اس کیلئے ہم نے کچھ وزرا پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ میری سرکاری ملازمین سے بھی گذارش ہے کہ ان کا احتجاج ریکارڈ ہو چکا ہے اب وہ اپنے نمائندے نامزد کریں اور گفت و شنید کے ذریعے معاملات کا حل نکالیں ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ہر مسئلے کو ہوا دے اور معاملات کو سلجھانے کی بجائے ان میں مزید بگاڑ پیدا کرے،میری رائے میں سرکاری ملازمین کی اپنی تنظیمیں ہیں وہ اپنا موقف بہتر انداز میں پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں انہیں اپوزیشن کے سہارے کی ضرورت نہیں،میری رائے میں ہمیں مسئلے کا حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارتِ خزانہ کو وسائل کی طرف بھی دیکھنا ہے جس کا بوجھ بالآخر عوام پر آئے گا،ہمیں اس ساری صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملات کو سلجھانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں