سرمایہ کاری

سرمایہ کاری میں اضافہ سے نئی انڈسٹریز کے قیام سے برآمدات میں اضافہ، روزگار کے وافر مواقع دستیاب ہونگے ‘خادم حسین

لاہور(عکس آن لائن) تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے کہاہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال2020-21 کے ابتدائی سات ماہ میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم1.084ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا تاہم رواں مالی سال کے اسی مدت کے دوران جولائی تا جنوری 2021-22کے دوران ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم1.166ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کار ریکارڈ گی گئی ۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حجم میں 8کروڑ20لاکھ ڈالر اضافہ یعنی 11.03فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے نئی انڈسٹریز کے قیام سے برآمدات میں اضافہ کے ساتھ ساتھ روزگار کے وافر مواقع بھی دستیاب ہونگے جس سے بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں قائم سپیشل اکنامک زونز میں ٹیکسوں کی چھوٹ بنیادی سہولتوں کے ساتھ انٹرنیشنل سٹینڈرز کے انفراسٹرکچر سے نئی صنعتوں کا قیام عمل میں آئے گا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ان سپیشل زونز میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے اقدامات کیلئے جائیں بجلی گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ ملک میں مہنگائی کی روک تھام ہو اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں