امیرحیدر خان ہوتی

سانحہ تیمرگرہ،11سال بیت گئے، ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہیں، امیرحیدر خان ہوتی

پشاور(عکس آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ پانچ اپریل 2010ء کو تیمرگرہ لوئر دیر میں اے این پی کی اس تقریب کو نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی شناخت، صوبے کے نام کا جشن منارہے تھے، 11سال بیت گئے تاہم ہر شہید اور انکی قربانیوں کو بھولنے نہیں دیں گے،

سانحہ تیمرگرہ کی 11ویں برسی پر جاری پیغام میں اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی نے کہا کہ پشتونوں کو اپنی خوشی منانے کا بھی اختیار نہیں دیا گیا، آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ ہماری قربانیوں کی وجہ سے امن قائم ہوا،امن کی خاطر جانوں کی قربانیاں دینے والوں کو کسی بھی صورت بھولنے نہیں دیں گے، یہ ہماری تاریخ کا حصہ ہے۔5 اپریل 2010ء کو ہمارے 63کارکنان کو شہید کیا گیا لیکن ہم نے دہشتگردوں کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ہمارے رہنمائوں کو شہید کیا گیا، خودکش بمبار بھیجے گئے لیکن باچاخان کے پیروکار میدان میں ڈٹ کر کھڑے رہے،

آج اگر اس دھرتی پر امن ہے تو عوامی نیشنل پارٹی ہی کی قربانیوں کے بدولت یہ سب کچھ ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہم کہہ رہے ہیں کہ حالات کی نزاکت کا ادراک کیا جائے اور متشدد قوتوں کو کارروائی سے روکا جائے،اس بار اگر آگ لگ گئی تو روکنا ناممکن ہوگا، حکمران جاگ جائے کیونکہ جب آگ لگتی ہے تو گھر سب کے جلتے ہیں۔اللہ نہ کریں کہ وہ آگ پھر لگ جائے لیکن بدقسمتی سے موجودہ حکمرانوں میں اس آگ کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ بھی موجود نہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم بار بار کہہ چکے ہیں کہ چمن سے وزیرستان اور باجوڑ تک دہشتگرد دوبارہ منظم ہورہے ہیں۔اگر بروقت راستہ نہیں روکا گیا تو یہ خطہ ایک نئی جنگ کی طرف جاسکتا ہے جس کا نقصان ایک بار پھر پشتونوں کو ہی ہوگا۔آج کے روز ہم اپنے ہر شہید کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس دھرتی اور قوم کی خاطر جانوں کی قربانیاں دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں