شیری رحمن

سابق نااہل اور نالائق حکومت کی معاشی تباہ کاریوں سے نکلنے کیلئے وقت درکار ہے، شیری رحمن

اسلام آباد (عکس آن لا ئن) وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ سابق نااہل اور نالائق حکومت کی معاشی تباہ کاریوں سے نکلنے کیلئے وقت درکار ہے، ملک کی معیشت کو تباہی کی نہج پر لانے والے عمران خان آج کل ماہر معیشت بن کر لیکچر دے رہے ہیں،ان کی ناکام اور بدترین پالسیز کی وجہ سے ہی ملک کی معیشت کو ڈیفالٹ کا خطرہ لاحق ہوا۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہاکہ ان کے دور میں ملکی معیشت درست سمت میں ہوتی تو چار سال میں چار وزیر خزانہ تبدیل نا کرتے، تمام حکومتوں نے ماضی میں آئی ایم ایف سے معاہدے کئے ہیںلیکن عمران حکومت نے ملکی تاریخ کا بدترین معاہدہ کیا اور جاتے جاتے اس کی بھی خلاف ورزی کی۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ اب عمران خان روز معیشت اور آئی ایم ایف پروگرام کی اہمیت پر خطاب فرماتے ہیں۔ سینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ یہ خود ‘اکنامک ہٹ مین’ ہیں جنہوں نے ملک کو مقروض کیا۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے اور اس معاشی بحران سے بھی نکالیں گے ۔انہوںنے کہاکہ عمران حکومت ملک پر مسلط ہوتی تو خدا نخواستہ ملک ڈیفالٹ ہو چکا ہوتا، یہ اب کس منہ سے معیشت اور آئی ایم ایف پروگرام پر بات کرتے؟۔ انہوںنے کہا کہ سابق نااہل اور نالائق حکومت کی معاشی تباہ کاریوں سے نکلنے کیلئے وقت درکار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں