جاوید شیخ

ریڈیو پر 5بار آڈیشن میں ناکام ہوا‘ ٹی وی پر سفارش سے آیا‘ جاوید شیخ

کراچی (عکس آن لائن) پاکستان کے ورسٹائل اداکار جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ ریڈیو پاکستان میں پانچ بار آڈیشن دینے کے باوجود فیل ہوا تاہم چھٹی بار کامیاب ہوگیا‘ ٹی وی پر سفارش سے چھوٹے سے کردار سے کیریئر کا آغاز کیا۔

ایک انٹرویو میں جاوید شیخ نے اپنے کیریئر کی یادیں بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کی شروعات بطور ایکسٹرا کی تھی۔ میں نے ریڈیو پاکستان میں 5 بار آڈیشن دیا اور پانچوں بار فیل ہوا لیکن دلبرداشتہ نہیں ہوا۔ اور چھٹی بار مجھے سلیکٹ کرلیا گیا اور میں نے صرف ایک لائن بولی۔ جاوید شیخ نے بتایا کہ اس وقت نیا نیا ٹی وی آیا تھا تو میں ایک سفارشی اداکار کے طور پر گیا۔

میں نے آفتاب افغانی صاحب جو پروڈیوسر تھے کو کہا کہ مجھے ٹی وی پر کام کرنا ہے ۔ انہوں نے پی ٹی وی کراچی کے پروڈیوسر و ہدایت کار امیر امام صاحب کو فون کیا اور میرے بارے میں بات کی اور اس طرح مجھے ایک چھوٹا سا کردار ملا جو ایک ملازم کا تھا۔ ایک سوال پر جاوید شیخ نے کہا کہ بھارت میں جو کچھ مسلمانوں کے ساتھ ہورہا ہے اس کے بعد وہاں کام کرنے کا دل نہیں کرے گا۔

بھارت میں دہلی فسادات، کشمیر اور گجرات میں ظلم دیکھ کر دل بہت دکھتا ہے۔جاوید شیخ نے مزید کہا اس وقت جو ماحول ہے اور پاکستان بھارت کے جو حالات چل رہے ہیں اس صورتحال میں یہاں بھارتی فلمیں اور ڈرامے بھی نہیں دکھانے جانے چاہیئں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں