ٹیکسٹائل

رواں برس کے ابتدائی 9 ماہ،پاکستانی کی ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 14 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا

کراچی(عکس آن لائن)رواں برس کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 14 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال 22-2021 کے ابتدائی 9 ماہ(جولائی 2021 تا مارچ 2022)کے دوران 14 ارب 24 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی ٹیکسٹائل برآمدات ہوئیں جب کہ گزشتہ برس اسی عرصے میں ٹیکسٹائل برآمدات کا حجم 1 ارب 35 کروڑ ڈالر سے زائد تھا۔اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی ابتدائی 3 سہ ماہیوں کے دوران گزشتہ برس کے مقابلے میں ٹیکسٹائل برآمدات کے حجم میں 25 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں برس مارچ کے مہینے تک سوتی دھاگے کی برآمدات 25.97فیصد اضافہ سے 90 کروڑ 84 لاکھ ڈالر سے زائد رہی ہے۔

اس کے علاوہ روئی کی برآمدات میں ایک ہزار فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے نٹ وئیرز کی برآمدات میں 34.12 فیصد اور بیڈوئیرز برآمدات میں 19.33فیصد اضافہ ہوا، اسی طرح تولیے کی برآمدات 18.42فیصد جب کہ سلک اینڈ سینتھیٹک کی برآمدات میں 27.63 فیصد بڑھوتری دیکھی گئی ۔واضح رہے کہ ٹیکسٹائل پاکستان کا سب سے بڑا برآمدی شعبہ ہے۔ماہرین کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات 20 ارب ڈالر سے تجاوز کرسکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں