یوٹیلیٹی سٹورز بند

رمضان المبارک سے ایک روز قبل یوٹیلیٹی سٹورز بند، ورکرز یونین نے کام بند کر دیا

اسلام آباد (عکس آن لائن) رمضان المبارک سے ایک روز قبل یوٹیلیٹی سٹورز بند ہو گئے، آل پاکستان ورکرز یونین نے یوٹیلیٹی سٹورز پر کام بند کردیا۔

جمعہ کو لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان کے یوٹیلیٹی سٹورز رہے ۔ یونین کے مرکزی صدر سید عارف شاہ نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے عملے کو کورونا سے بچاو کی حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں، یوٹیلیٹی سٹور کے ملازم ملک الطاف کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے،

کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے، ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو رمضان المبارک میں بنیادی تنخواہ کے برابر بونس بھی دیا جائے۔

ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن عمر لودھی نے کہا ہے کہ یونین نے سیاست چمکانے کیلئے سٹورز بند کیے، ادارے کو پہلے ہی خسارے کا سامنا ہے، تین برسوں کے بقایا جات دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، اس کے علاوہ ملازمین کے تمام مطالبات پورے کر دئیے۔

عوام کا کہنا ہے کہ رمضان سے قبل یوٹیلیٹی سٹور سے سامان لینے آئے مگر سٹورز بند ہیں، اب سستی اشیاء کہاں سے خریدیں۔ کورونا کے باعث عوام پہلے ہی مشکل معاشی حالات سے گزر رہے ہیں، رہی سہی کسر یوٹیلیٹی سٹورز کی بندش نے نکال دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں