سینیٹر عرفان صدیقی

دوست ممالک کا ساتھ نہ دینے کا حکومتی اعتراف خارجہ پالیسی کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ سینیٹر عرفان صدیقی

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ سینیٹ میں وزیر خزانہ شوکت ترین نے فاٹف کی گرے لسٹ سے نہ نکل پانے کا جواز یہ پیش کیا کہ ہمارے دوست ممالک بھی ہمارا ساتھ نہیں دے رہے۔ یہ جواز اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور ہمارے دوست بھی ہم سے دور ہو چکے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک وزیر کا دوسری وزارت کو ذمہ دار قرار دینا اس سرکس کا تماشہ ہے جسے حکومت کا نام دیا جا رہا ہے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ فاٹف اور آئی ایم ایف جیسے اداروں نے نہ صرف ہماری قومی آزادی اور خود مختاری کو شکنجے میں جکڑ لیا ہے بلکہ ہر پاکستانی کی شخصی آزادی بھی ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ حالت یہ ہے کہ سیاست بہت بڑا جرم قرار پائی ہے اور اس سے دور کا تعلق رکھنے والا شخص بینک اکاؤنٹ بھی نہیں کھول سکتا۔

اْنکا کہنا تھا کہ بالآخر حکومت نے تسلیم کر لیا ہے کہ نواز شریف پاکستان کو فاٹف کی وائٹ لسٹ میں چھوڑ کر گیا تھا۔ اب وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ اٹھائیس میں سے ستائیس نکات پورے کرکے بھی پاکستان اس لیے فاٹف کی گرے لسٹ سے نہیں نکل رہا کہ دشمن تو دشمن دوست ممالک بھی ساتھ نہیں دے رہے۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ پاکستان کی عالمی تنہائی کا ثبوت ہے۔ ہمارا حال یہ ہے اور دعویٰ یہ کہ ہم چین اور امریکہ کے درمیان صلح کرا دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں