دالوں

دالوں کی ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے کاشتکاروں کو مونگ و ماش کی بھرپور کاشت کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن) محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ حکومت نے دالوں کے نئے پیداواری منصوبہ کی بھی منظوری دیدی ہے جس کے تحت حکومت دالوں کی پیداوار میں خودکفالت اور اضافہ کیلئے نیا منصوبہ شروع کر رہی ہے تاکہ دالوں کی پیداوار میں اتار چڑھا کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے دالوں کی اہمیت بارے بتایا کہ ان میں تقریبا 20سے 24 فیصد پروٹین ہوتا ہے جو کہ انسانی غذا کا اہم جزو ہے۔

انہوں نے دالوں کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کاشتکاروں کی تربیتی مہم شروع کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ زرعی سائنسدان دالوں کی ایسی اقسام وضع کرنے پر توجہ دیں جو فی ایکڑ زیادہ پیداواری صلاحیت کے ساتھ خشک سالی کا بہتر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو دالوں کی کاشت کی طرف راغب کرنے کیلئے معیاری بیج کی فراہمی کے ساتھ مارکیٹنگ کے مسائل کو حل کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مونگ و ماش کے پودوں کی جڑوں میں موجودنائٹروجن فکسنگ بیکٹیریا زمین کی ذرخیزی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتاہے لہذا کاشتکار مونگ وماش کی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنائیں تاکہ نہ صرف دالوں کی ضروریات کو پورا کیاجاسکے بلکہ زمین کی ذرخیزی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اضافی پیداوار برآمد کرکے زرمبادلہ کاحصول بھی ممکن بنایاجاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں