اقوا م متحدہ

خرطوم میں روزمرہ کی اشیائے ضروریہ تیزی سے نایاب ہوتی جا رہی ہیں، اقوا م متحدہ

اقوام متحدہ (عکس آن لائن) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک بیان میں کہا کہ سوڈان میں تیزی سے بگڑتے ہوئے انسانی بحران کے پیش نظر اقوام متحدہ کے انسانی امور کے انڈر سیکرٹری جنرل اور ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر مارٹن گریفتھس علاقے کا دورہ کریں گے۔ چینی میڈ یا کے مطا بق بیان میں ایک بار پھر سوڈان میں تنازع کے تمام فریقوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ شہریوں اور سویلین بنیادی ڈھانچے کا تحفظ کریں، شہریوں کے انخلا کے لیے محفوظ راستہ فراہم کریں اور انسانی ہمدردی کے کارکنوں کا احترام کریں۔ بیان میں ان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ امدادی کارروائیوں میں سہولت فراہم کریں، طبی عملے کا احترام کریں اور نقل و حمل اور سہولیات کو لاحق نقصان سے بچیں۔

مارٹن گریفتھس نے ایک بیان میں کہا کہ انتہائی متاثرہ شہری مراکز خاص طور پر خرطوم میں روزمرہ کی اشیائے ضروریہ تیزی سے نایاب ہوتی جا رہی ہیں، نقل و حمل کے اخراجات تیزی سے بڑھ چکے ہیں ، جس سے انتہائی کمزور طبقے کی محفوظ علاقوں میں منتقلی میں رکاوٹ آئی ہے اور متاثرین کی ہنگامی صحت کی سہولیات تک رسائی بھی محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور شراکت دار سوڈان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں